امریکی ریاست ٹیکساس میں وفاقی جیوری نے سابق این ایف ایل کھلاڑی اور لیبارٹری کے مالک کیتھ جے گرے کو 32 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے جینیاتی ٹیسٹنگ فراڈ کیس میں مجرم قرار دے دیا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق 39 سالہ گرے نے دل کے امراض کے غیر ضروری جینیاتی ٹیسٹ کروا کر سرکاری صحت پروگرام میڈی کیئر کو جعلی بل بھیجے۔ وہ اپنی دو لیبارٹریز کے ذریعے مارکیٹنگ ایجنٹس کو غیر قانونی کمیشن دے کر مریضوں کا ڈیٹا، ڈی این اے نمونے اور ٹیسٹ آرڈرز حاصل کرتا تھا۔استغاثہ کے مطابق ٹیلی مارکیٹنگ کے ذریعے شہریوں کو ٹیسٹ کے لیے آمادہ کیا جاتا اور بعد ازاں ڈاکٹروں سے دباؤ کے ذریعے منظوری لی جاتی تھی۔ اس اسکیم کے تحت میڈی کیئر کو مجموعی طور پر تقریباً 32 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے بل بھیجے گئے، جن میں سے تقریباً 5 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ادا کیے گئے۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم نے فراڈ سے حاصل رقم سے مہنگی لگژری گاڑیاں خریدیں اور ادائیگیوں کو چھپانے کے لیے جعلی معاہدوں اور فرضی رسیدوں کا سہارا لیا۔ جیوری نے ملزم کو فراڈ کی سازش، غیر قانونی کمیشن، اور منی لانڈرنگ سمیت متعدد الزامات میں قصوروار قرار دیا ہے۔عدالت کی جانب سے سزا کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، جبکہ ہر الزام پر اسے زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ کیس کی تحقیقات وفاقی تحقیقاتی اداروں اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں نے کیں۔