نیویارک کے میئر زوہران کوامی ممدانی نے شہر بھر میں لاکھوں ملازمین کے لیے پروٹیکٹڈ ٹائم آف کے قانون میں اہم توسیع کا اعلان کیا ہے۔
نئی ترمیم کے تحت ملازمین کو ملازمت کے آغاز پر اضافی 32 گھنٹے کی بلا معاوضہ چھٹی دستیاب ہوگی، جو بچوں کی دیکھ بھال، معذور اہلِ خانہ کی مدد، رہائش یا سرکاری فوائد سے متعلق تقرریوں، ہنگامی حالات، ورک پلیس تشدد اور دیگر گھریلو ضروریات کے لیے استعمال کی جا سکے گی۔شہر کے محکمہ ڈیپارٹمنٹ آف کنزیومر اینڈ ورکر پروٹیکشن نے اس قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے پانچوں بورو میں 56 ہزار سے زائد کاروباری اداروں کو وارننگ نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ حکام نے کہا کہ خلاف ورزی کی صورت میں مالکان کو فی ملازم جرمانے اور بقایا ادائیگیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔نئی قانون سازی کے تحت ایک ڈیٹا پر مبنی نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے ایسے اداروں کی نشاندہی کی جائے گی جہاں ملازمین کی چھٹیوں کا استعمال غیر معمولی حد تک کم ہو، تاکہ ممکنہ خلاف ورزیوں کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔ حکام نے واضح کیا کہ اس اقدام کا مقصد ملازمین کو اپنے خاندان، صحت اور ذاتی ضروریات کے لیے بلا خوف چھٹی لینے کا تحفظ فراہم کرنا ہے۔