امریکی سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے قومی ایمرجنسی کے تحت عائد کیے گئے ٹیرف کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کے لیے کانگریس کی منظوری حاصل نہیں کی گئی تھی۔
بر طانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ ٹیرف عائد کرنا کانگریس کا اختیار ہے اور صدر اس حوالے سے یکطرفہ اقدام نہیں کر سکتے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ٹرمپ نے اپنے صدارتی اختیارات سے تجاوز کیا اور یہ اقدام آئینی اصولوں کے منافی تھا۔چیف جسٹس جان رابرٹس نے تحریری فیصلے میں کہا کہ قومی ایمرجنسی سے متعلق قانون صدر کو اس نوعیت کے وسیع تجارتی اختیارات نہیں دیتا، جبکہ ایسے بڑے اقتصادی فیصلوں کے لیے کانگریس کی واضح اجازت ضروری ہے۔یہ فیصلہ ان مقدمات کی سماعت کے بعد سنایا گیا جو کاروباری اداروں اور متعدد امریکی ریاستوں کی جانب سے دائر کیے گئے تھے۔ فیصلے کے بعد متاثرہ کمپنیوں اور صارفین کو اربوں ڈالر کے ٹیرف ریفنڈ ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تین ججوں نے فیصلے سے اختلاف بھی کیا۔