آکسفورڈ میں مکمل فنڈڈ گریجویٹ اسکالرشپ کا اعلان
آکسفورڈ پاکستان پروگرام اور انٹرلوپ گروپ نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں گریجویشن کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ کا اعلان کردیا ہے۔ اسکالرشپ پروگرام میں ہر سال ایک ذہین پاکستانی طالب علم منتخب کیا جائے گا۔
انٹرلوپ لمیٹڈ اور آکسفورڈ پاکستان پروگرام کے تعاون سےیہ اسکالرشپ ہر سال ایک باصلاحیت پاکستانی طالب علم کو دی جائے گی۔ انٹرلوپ گروپ سکالرشپ کے کل اخراجات کا 60فیصد حصہ فراہم کرے گا، جبکہ بقیہ رقم آکسفورڈ پاکستان پروگرام کے تحت دیگر صاحب ثروت افراد کی طرف سے فراہم کی جائے گی۔یہ اسکالر شپ آکسفورڈ یونیورسٹی میں ماسٹرز یا ڈی-فل پروگرام کی پوری مدت کے لیے مکمل ٹیوشن فیس اور رہنے کے اخراجات پورا کریگا۔یہ اقدام پاکستانی طلباء کیلئے عالمی معیار کی اعلیٰ تعلیم تک رسائی بڑھانے ، پاکستان اور یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے درمیان تعلیمی تعلقات مستحکم کرنے کا باعث بنےگا۔ اسکالرشپ کے لیے ایسے پاکستانی طلبہ درخواست دینے کے اہل ہیں جنہوں نے آکسفورڈیونیورسٹی میں کل وقتی گریجویٹ پروگرام میں داخلہ حاصل کیا ہے۔ اس اسکالر شپ کے لیے خواتین اور مرد دونوں درخواست دے سکتے ہیں ، تاہم خواتین امیدواروں اور کم مراعات یافتہ پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلباء کو ترجیح دی جائے گی تاکہ عالمی تعلیمی مواقع تک شمولیتی رسائی کو فروغ دیا جا سکے۔