ریاست نیویارک میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے لیے سزائیں مزید سخت کر دی گئیں، جبکہ موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ نے پوائنٹس سسٹم میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے جو پیر سے نافذ العمل ہوں گی۔
امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی کے مطابق حکام نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر پہلے سے زیادہ پوائنٹس عائد کیے جائیں گے۔ تیز رفتاری، رکی ہوئی اسکول بس کو کراس کرنے اور دیگر عام خلاف ورزیوں پر بھی اضافی پوائنٹس لاگو ہوں گے۔محکمے کا کہنا ہے کہ شراب کے نشے میں ڈرائیونگ یا بغیر لائسنس گاڑی چلانے جیسے سنگین جرائم پر اب 11 تک پوائنٹس لگ سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں ڈرائیونگ لائسنس معطل ہونے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ مزید برآں، دو سال کے عرصے میں 10 پوائنٹس حاصل کرنے پر بھی لائسنس منسوخ کیا جا سکے گا، جو پہلے کی نسبت کم حد ہے۔ڈی ایم وی کمشنر اور گورنر کی ٹریفک سیفٹی کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ جو ڈرائیور قواعد و ضوابط کی پابندی کرتے ہیں انہیں تشویش کی ضرورت نہیں، تاہم خطرناک اور بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی تاکہ سڑکوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔حکام کے مطابق بعض موجودہ قواعد برقرار رہیں گے، مثلاً ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون یا دیگر الیکٹرانک ڈیوائس کے استعمال پر پانچ پوائنٹس بدستور لاگو ہوں گے، جبکہ گاڑی کے آلات سے متعلق بعض خلاف ورزیوں پر پوائنٹس نہیں دیے جائیں گے۔نئے نظام کے تحت مسلسل خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے جائزہ مدت کو 18 ماہ سے بڑھا کر 24 ماہ کر دیا گیا ہے، تاکہ عادی قانون شکن ڈرائیورز کے خلاف مؤثر اور سخت اقدامات کیے جا سکیں۔