نیو جرسی : مغلیہ طرز کی شاندار ویلنٹائن ڈے تقریب، ساوتھ ایشئین کمیونٹی کی بھرپور شرکت
ڈریم مولڈرز کے زیر اہتمام نیو جرسی میں مغلیہ دور کے طرز کی شاندار ویلنٹائن ڈے تقریب منعقد ہوئی، جس میں ساوتھ ایشئین کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
نیو جرسی کے رائل البرٹ پیلس میں ڈریم مولڈرز کے زیر اہتمام ایک شاندار اور یادگار مغلیہ طرز کی ویلنٹائن ڈے تقریب منعقد ہوئی، جس میں ساوتھ ایشئین کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یہ تقریب خاص طور پر مغلیہ دور کی ثقافت اور روایات کی جاذب نظر عکاسی کے لیے سجائی گئی تھی، جہاں ہال کو شاہانہ انداز میں خوبصورتی کے ساتھ آراستہ کیا گیا تھا۔ خوبصورت مغلیہ طرز کے اسٹیج اور نفیس آرائش نے مہمانوں کو تاریخی اور رومانوی ماحول میں لے جا کر محفل کی رونق کو چار چاند لگا دیے۔تقریب کا آغاز معروف فیشن برانڈز MyWish Couture، Resham Creations اور Mubashira کے شاندار فیشن شوز سے ہوا، جہاں ماڈلز نے مغلیہ دور کے جدید اور کلاسیکی ملبوسات کی نمائش کی اور ثقافتی ورثے کو ایک نیا رنگ دے کر پیش کیا۔فیشن شو میں خواتین کے ساتھ ساتھ مرد ماڈلز نے بھی مغلیہ طرز کے شاہانہ ملبوسات میں ماڈلنگ کی، جس نے تقریب کے ماحول کو مزید پررونق کر دیا۔ اس موقع پر برائیڈل شو بھی خاص توجہ کا مرکز رہا، جس میں مغلیہ طرز کے نفیس اور شاہانہ لباس میں ماڈلز نے اپنی دلکش لکس سے سب کے دل موہ لیے۔فنکاروں کی محفل میں نرمل رائے اور رچی رابنسن نے اپنی جادوئی آواز سے حاضرین کے دل جیت لیے۔ کلاسیکل ڈانس پرفارمنس نے روایتی رنگ میں تقریب کو چار چاند لگا دیے۔فیشن شو کے اختتام پر معروف جیولری برانڈ RK Jewels کی جانب سے بہترین لباس اور بہترین ماڈل کو گولڈ نیکلس اور سلور کوائنز سے نوازا گیاتقریب کے آخر میں ڈریم مولڈرز کے روح رواں عدنان خواجہ نے اپنے ٹیم ممبرز، شرکاء، اور اسپانسرز کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کی انتھک محنت اور تعاون کے بغیر یہ شاندار تقریب ممکن نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ثقافتی پروگرامز کمیونٹی میں ہم آہنگی اور ثقافتی شناخت کو مضبوط کرتے ہیں۔شرکاء قوالی نائٹ سے بھی محظوظ ہوئے، جس نے محفل میں جان ڈال دی۔مغل تھیمڈ اس تقریب میں نہ صرف فن اور ثقافت کی جھلک دکھائی دی بلکہ روایتی لباس اور رقص و موسیقی کے ذریعے شرکاء کو ایک شاہانہ ماحول فراہم کیا گیا۔ موسیقی نے رات کے سماں کو مزید جادوئی بنا دیا اور مہمانوں نے دیر تک محفل سجائی۔یہ تقریب اس بات کا ثبوت ہے کہ ثقافت اور فن کی دنیا میں مغلیہ دور کی شان و شوکت آج بھی زندہ ہے اور ڈریم مولڈرز اس ورثے کو نئے انداز میں زندہ رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔