نیویارک میں حالیہ شدید سرد موسم کے بعد حکام نے مزید اموات کی تصدیق کردی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی کے مطابق میڈیکل ایگزامنر آفس نے بتایا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں ٹھنڈ سے متعلق مزید ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔میڈیکل ایگزامنر کے دفتر کے مطابق سات افراد نجی رہائش گاہوں کے اندر ہائپوتھرمیا کے باعث جاں بحق ہوئے، اور تمام اموات حادثاتی قرار دی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعات شدید سردی کی حالیہ لہر کے دوران پیش آئے۔دوسری جانب منگل کی رات مین ہیٹن پل کے نیچے ایک اور شخص کی لاش ملنے کی اطلاع دی گئی ہے۔ اس واقعے کے بعد کھلے مقامات پر موسم سے متعلق اموات کی مجموعی تعداد 19 تک پہنچ گئی ہے۔سٹی ہال کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ شہریوں کے تحفظ کے پیش نظر کولڈ بلیو پروٹوکول بدستور نافذ ہیں۔ اس کے تحت فیلڈ ٹیموں کی سرگرمیاں بڑھا دی گئی ہیں، وارمنگ سینٹرز کی گنجائش میں اضافہ کیا گیا ہے اور LinkNYC کے تعاون سے آگاہی پیغامات بھی نشر کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی ضرورت مند شخص کو دیکھیں تو فوری طور پر 311 پر اطلاع دیں۔