جدہ تقریب میں نورِ مسکان منصوبے کی حمایت، کمیونٹی رہنماؤں کی شرکت
جدہ میں ہم مشعلِ راہ فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام “پروجیکٹ نورِ مسکان” کی ورچوئل گراؤنڈ بریکنگ تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی پاکستان کے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی تھے۔
اپنے خطاب میں سید مصطفیٰ ربانی نے خصوصی افراد اور مریضوں کی فلاح کے لیے اس منصوبے کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کی سماجی خدمات کو سراہا اور قونصل خانے کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر فاؤنڈیشن کی جانب سے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔تقریب کے مہمانِ اعزازی چوہدری شفقت محمود تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ خصوصی افراد کے لیے ایسے ادارے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کا ذریعہ بنتے ہیں۔ انہوں نے ہم مشعلِ راہ فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نورِ مسکان جیسے منصوبے والدین کے خدشات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔فاؤنڈیشن کی سی ای او و بانی ڈائریکٹر محترمہ آمنہ آفتاب اور صدر و شریک بانی عریج فاروقی نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ نورِ مسکان پاکستان کا پہلا نرسنگ ہوم ہوگا جس میں نیورو ڈائیورجینٹ بالغ افراد، الزائمر کے مریضوں اور بستر پر موجود افراد کے لیے جدید نگہداشت اور ریسرچ سینٹر قائم کیا جائے گا، تاکہ انہیں باوقار اور خودمختار زندگی کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔تقریب کے منتظمین میں ڈاکٹر رخشندہ پوری، شازیہ خلیل اور عمران رانا شامل تھے جبکہ “فرینڈز آف نورِ مسکان” پلیٹ فارم سے بھی سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے ہم مشعلِ راہ فاؤنڈیشن کی خصوصی بچوں اور معذور افراد کے لیے تعلیم، تربیت اور بحالی کے جاری منصوبوں کو سراہا اور اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے نورِ مسکان منصوبے کی بھرپور حمایت اور تعاون کا اعلان کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہم مشعلِ راہ فاؤنڈیشن نہ صرف خصوصی افراد بلکہ ان کے خاندانوں کے لیے بھی امید اور سہارا فراہم کر رہی ہے اور ایسے منصوبے معاشرے میں انسانی ہمدردی اور خدمت کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں۔