نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے 2026 کی مشترکہ قانون ساز بجٹ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹی ہال اور ریاستی حکومت کے درمیان تعلقات کو محاذ آرائی کے بجائے شراکت داری کی بنیاد پر استوار کرنا ہوگا۔
نیویارک میئر آفس کی ویب سائٹ پر جاری خبر کے مطابق انہوں نے گورنر کیتھی ہوکل اور ریاست کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی انتظامیہ کا مقصد ایسا نیویارک بنانا ہے جہاں ہر شہری باعزت زندگی گزار سکے۔میئر ممدانی نے دعویٰ کیا کہ سابق میئر ایڈمز کی مالی بدانتظامی کے باعث شہر کو اربوں ڈالر کے بجٹ خسارے کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق سماجی امداد، کرایہ معاونت اور شیلٹر سروسز کے لیے ماضی میں ضرورت سے کم فنڈز مختص کیے گئے، جس سے مالی دباؤ بڑھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ نے اخراجات میں بچت، آمدنی کے تازہ تخمینوں اور ریزروز کے استعمال سے 12 ارب ڈالر کے خسارے کو کم کر کے 7 ارب ڈالر تک لانے میں پیش رفت کی ہے۔انہوں نے ریاست اور شہر کے مالی تعلقات میں عدم توازن کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نیویارک سٹی ریاستی آمدنی میں نصف سے زیادہ حصہ ڈالتا ہے مگر اس کے مقابلے میں کم وسائل واپس ملتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کے باعث شہری خدمات، تعلیم اور فلاحی منصوبے متاثر ہوتے ہیں، اس لیے اس "مالی نکاسی” کو ختم کرنا ناگزیر ہے۔خطاب میں میئر نے یونیورسل چائلڈ کیئر، سستی رہائش، پبلک انفراسٹرکچر اور تعلیمی بہتری کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔