نیویارک میں امریکن پاکستانی گروپ کی ونٹر ڈرائیو، سینکڑوں مستفید
نیویارک میں امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کیئرز نے موسمِ سرما کی شدت کے پیش نظر کمیونٹی کی مدد کے لیے ونٹر ڈرائیو کا انعقاد کرتے ہوئے سینکڑوں افراد میں گرم کپڑے اور ضروری سامان تقسیم کیا۔
کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع مکی مسجد کے باہر نمازِ جمعہ کے بعد منعقدہ اس مہم کے دوران 300 سے زائد افراد کو جیکٹس، گرم کپڑے، دستانے، ٹوپیاں اور سردی سے بچاؤ کے دیگر سامان فراہم کیا گیا۔ تنظیم کے رضاکاروں کا کہنا تھا کہ شدید سردی کی لہر کے دوران وہ چاہتے ہیں کہ کمیونٹی کے افراد موسمی اثرات سے محفوظ رہ سکیں اور کسی کو بنیادی ضروریات کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اے پیگ کیئرز کی اس مہم سے نوجوانوں، خواتین، بزرگوں اور نمازیوں سمیت مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے فائدہ اٹھایا۔ تنظیمی اراکین کے مطابق ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ صرف تہواروں تک محدود نہ رہیں بلکہ ہر مشکل وقت میں کمیونٹی کی عملی مدد کریں۔مستفید ہونے والے افراد نے تنظیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ اے پیگ کیئرز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آئندہ بھی کمیونٹی سروس کے منصوبے جاری رکھیں گے۔