vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں خستہ حال عمارتوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع

0

نیویارک سٹی کے میئر زوہران کوامے ممدانی اور محکمہ ہاؤسنگ پریزرویشن اینڈ ڈیولپمنٹ (HPD) کی کمشنر ڈینا لیوی نے شہر بھر کی بدترین حالت والی 250 رہائشی عمارتوں کی تازہ فہرست جاری کر دی ہے، جنہیں آلٹرنیٹو انفورسمنٹ پروگرام (AEP) کے تحت سخت نگرانی میں رکھا جائے گا۔

نیویارک میئر آفس کی ویب سائٹ پر جاری خبر کے مطابق اس پروگرام کے ذریعے شہر ایسے مالکان کے خلاف کارروائی تیز کرتا ہے جو بار بار ہاؤسنگ کوڈ کی خلاف ورزیاں کرتے ہیں اور ضروری مرمت نہیں کرواتے۔حکام کے مطابق اس سال منتخب کی گئی عمارتوں میں تقریباً 55 ہزار کھلی خلاف ورزیاں موجود ہیں جبکہ ان عمارتوں کے مالکان پہلے سے کی گئی ہنگامی مرمت کے عوض شہر کے تقریباً 45 لاکھ ڈالر کے مقروض ہیں۔ AEP کے تحت شہر زیادہ بار معائنہ کرے گا، مرمت کے احکامات جاری کرے گا اور اگر مالک کام نہ کرے تو خود مرمت کرا کے اخراجات مالک سے وصول کرے گا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ہر نیویارک شہری کو محفوظ اور قابلِ رہائش گھر فراہم کرنے کے عزم کا حصہ ہے۔ گزشتہ ماہ HPD نے اے اینڈ ای رئیل اسٹیٹ ہولڈنگز کے ساتھ 21 لاکھ ڈالر کا معاہدہ کیا تھا جس میں 14 عمارتوں میں بڑے پیمانے پر مرمت، خلاف ورزیوں کی اصلاح اور کرایہ داروں کو ہراساں کرنے سے روکنے کے عدالتی احکامات شامل تھے۔ سرد موسم کی ہنگامی صورتحال کے دوران بھی HPD نے اضافی عملہ تعینات کر کے جنوری میں موصول ہونے والی تقریباً 37 ہزار شکایات میں سے 98 فیصد نمٹا دیں۔میئر ممدانی کا کہنا تھا کہ خراب مالکان کو اب نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور شہر ہر ممکن اختیار استعمال کرے گا تاکہ رہائشی حالات بہتر بنائے جا سکیں۔ حکام کے مطابق اس سال کی فہرست میں شامل 250 عمارتوں میں 7 ہزار سے زائد اپارٹمنٹس ہیں اور صرف ایک عمارت میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ایک ہزار سے زائد سنگین خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔ HPD نے بتایا کہ 138 عمارتوں کے مالکان کے خلاف ہاؤسنگ کورٹ میں مقدمات بھی زیر سماعت ہیں تاکہ انہیں لازمی مرمت پر مجبور کیا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.