vosa.tv
Voice of South Asia!

کوئنز میں برف ٹوٹنے سے، تین نوجوان جمیکا بے میں جا گرے، ریسکیو

0

نیویارک کے علاقے کوئنز میں تین نوجوان جما ہوا جمیکا بے عبور کرنے کی کوشش میں برف ٹوٹنے سے برفیلے پانی میں جا گرے۔ تاہم خوش قسمتی سے انہیں باحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔

امریکی نشریاتی ادارہ اے بی سی کے مطابق ایمرجنسی کال موصول ہوتے ہی فائر ڈیپارٹمنٹ اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جبکہ ریسکیو آپریشن میں این وائی پی ڈی کے ہیلی کاپٹر نے مرکزی کردار ادا کیا۔حکام کے مطابق تینوں 22 سالہ نوجوان برف پر کافی اندر تک جا چکے تھے کہ اچانک برف کی سطح ٹوٹ گئی اور وہ مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نوجوان مدد کے لیے چیخ و پکار کر رہے تھے اور شدید گھبراہٹ کا شکار تھے۔ ریسکیو کے دوران ایک فائر فائٹر اور پولیس کے اسکوبا یونٹ کا ایک اہلکار بھی پھسل کر پانی میں گر گیا، تاہم دونوں نے خود کو سنبھال لیا اور امدادی کارروائی جاری رکھی۔پولیس کی فضائی یونٹ کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اہلکار متاثرین کو ایک ایک کر کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے باہر نکالتے رہے۔ حکام کے مطابق تیسرا نوجوان تقریباً چالیس منٹ تک برفیلے پانی میں رہنے کے باعث شدید کمزوری کا شکار ہو چکا تھا جس سے ہائپوتھرمیا کا خطرہ بڑھ گیا تھا، تاہم بروقت امداد نے اس کی جان بچا لی۔تینوں افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں منتقل کیا گیا جہاں انہیں ہوش میں اور مستحکم حالت میں قرار دیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.