نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی نے شہر بھر میں کم عمر بچوں کی تعلیم اور نگہداشت کو وسعت دینے کے لیے 2-K اور 3-K پروگرامز کے تحت نئے فراہم کنندگان سے معلومات طلب کرلی ہے۔
نیویارک میئر آفس کی ویب سائٹ پر جاری خبر کے مطابق یہ اقدام یونیورسل چائلڈ کیئر کے ہدف کی جانب پہلا باقاعدہ قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ پانچ سال بعد پہلی مرتبہ نئے اداروں کو 3-K میں شامل ہونے کی دعوت دی جا رہی ہے جبکہ 2-K پروگرام میں تو پہلی بار شمولیت کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔میئر ممدانی نے پری اسکول بچوں کے ہمراہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ بچوں کی نگہداشت کے بڑھتے اخراجات شہریوں کے لیے شدید مشکلات پیدا کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے والدین کو ملازمتیں چھوڑنے یا خاندانی منصوبہ بندی پر نظرِ ثانی کرنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے۔ انتظامیہ کے منصوبے کے مطابق اس سال موسمِ خزاں سے ابتدائی محلوں میں 2-K نشستوں کا آغاز کیا جائے گا جبکہ 3-K پروگرامز میں بھی توسیع کی جائے گی۔ چار برسوں میں یہ سہولت شہر کے تمام ایسے شہریوں تک پہنچانے کا ہدف رکھا گیا ہے جو اس سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔نیویارک سٹی پبلک اسکولز اور میئر آفس آف چائلڈ کیئر کی جانب سے 5 فروری 2026 کو باضابطہ طور پر ریکویسٹ فار انفارمیشن جاری کر دی گئی ہے۔ موجودہ کنٹریکٹ رکھنے والے اداروں کو بھی اپنی گنجائش بڑھانے یا 2-K پروگرام شروع کرنے کے لیے سروے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 19 فروری 2026 مقرر کی گئی ہے۔