vosa.tv
Voice of South Asia!

ایران میں خواتین کو موٹر سائیکل چلانے کی باضابطہ اجازت مل گئی

0

ایران میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں حکومت نے خواتین کو باضابطہ طور پر موٹر سائیکل چلانے کی اجازت دے دی ہے۔

ترک انادولو ایجنسی کے مطابق اس فیصلے کے بعد اب ایرانی خواتین موٹر سائیکل چلانے کے لیے باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گی، جسے نقل و حرکت کی آزادی اور شہری حقوق کے تناظر میں ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق اس اقدام سے موٹر سائیکل چلانے سے متعلق وہ قانونی ابہام بھی ختم ہو گیا ہے جو کئی برسوں سے موجود تھا۔ ماضی میں قوانین میں خواتین کے موٹر سائیکل یا اسکوٹر چلانے پر واضح پابندی تو نہیں تھی، تاہم عملی طور پر متعلقہ حکام خواتین کو لائسنس جاری کرنے سے گریز کرتے رہے، جس کے باعث خواتین کو مختلف مشکلات کا سامنا تھا۔قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس خلا کی وجہ سے ٹریفک حادثات کی صورت میں خواتین اکثر قانونی پیچیدگیوں میں الجھ جاتی تھیں اور ذمہ داری کے تعین میں مسائل پیدا ہوتے تھے۔ نئے ضابطے کے بعد اس صورتحال میں واضح بہتری متوقع ہے۔نئے فیصلے کے تحت ٹریفک پولیس کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ خواتین درخواست گزاروں کو موٹر سائیکل چلانے کی عملی تربیت فراہم کرے، پولیس کی نگرانی میں ڈرائیونگ ٹیسٹ لے اور کامیاب امیدواروں کو باضابطہ ڈرائیونگ لائسنس جاری کرے۔ مبصرین کے مطابق یہ اقدام ایرانی معاشرے میں خواتین کی عملی شمولیت کو بڑھانے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.