شکاگو میں رمضان سے قبل افطار بازار، 10,000 سے زائد افراد شریک
شکاگو کے علاقے روزمونٹ میں رمضان سے قبل ہونے والے سالانہ افطار بازار میں تقریباً 10,000 سے زائد افراد نے شرکت کی۔
یہ تقریب ڈونلڈ سٹیفنز کنونشن سینٹر میں چی ٹاؤن شکاگو کی میزبانی میں منعقد ہوئی۔تقریب کے میزبان ارجمند ہاشمی خان نے شکاگو کے میئر برینڈن جانسن اور دیگر مقامی کاروباری شخصیات کا شکریہ ادا کیا، جبکہ اسلامی تنظیموں کی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالغنی حمادی نے بتایا کہ یہ بازار مسلم کمیونٹی کو رمضان کی تیاری میں مدد فراہم کرتا ہے۔ 51 ویں ضلعی نمائندہ نبیلہ سید نے مسلم کمیونٹی کی خدمات اور کاروباری کردار کو اجاگر کیا، جبکہ زکوٰۃ شکاگو کے سلمان محی الدین نے خیراتی خدمات کی اہمیت پر زور دیا۔تقریب میں کیئر شکاگو کے احمد ریحاب نے اسلاموفوبیا کے خلاف شعور اجاگر کرنے اور نفرت کے مقابلے میں محبت اور روشنی کی اہمیت پر بات کی۔ میئر برینڈن جانسن کو "مین آف دی آور” کے اعزاز سے نوازا گیا اور انہوں نے کمیونٹی کی اقتصادی اور ثقافتی خدمات کو سراہا۔افطار بازار میں 130 سے زائد دکاندار شامل تھے، جنہوں نے کھانے، روایتی لباس، زیورات، اسلامی کتابیں اور ہاتھ سے بنی مصنوعات پیش کیں۔ پروگرام میں بچوں کے لیے اسلامی پرفارمنس، مصنفین کی کتاب کی پڑھائی، مفت مہندی اور پینٹنگ ورکشاپس، رمضان ٹیبل اسکیپ کلاسز اور مسلم میچنگ سروسز شامل تھیں۔نوجوانوں کے لیے ینگ انٹرپرینیور زون میں 14 سے 23 سال کے شرکاء نے بزنس ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن سے رہنمائی اور کوچنگ حاصل کی۔ صائمہ صدیقی اور صائمہ قادری نے اس بات پر زور دیا کہ یہ پروگرام کمیونٹی کے لیے یکجہتی اور تخلیقی تعاون کا مظہر ہے، جہاں ہر فرد کے لیے کچھ نہ کچھ موجود تھا۔