نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی نے اعلان کیا ہے کہ ڈیوڈ این ڈنکنز میونسپل بلڈنگ کے بلند ترین کپولا ٹاور کو پہلی بار عوام کے لیے مفت گائیڈڈ ٹورز کے لیے کھولا جا رہا ہے۔
نیویارک میئر آفس کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری خبر کے مطابق یہ سہولت جون 2026 سے دستیاب ہوگی تاکہ موسمِ گرما میں ہونے والے ورلڈ کپ کے دوران آنے والے مقامی اور غیر ملکی سیاح بھی شہر کا منفرد نظارہ کر سکیں۔یہ فیصلہ عمارت میں 60 لاکھ ڈالر کی بہتری کے منصوبے کے بعد ممکن ہوا ہے، جس میں تاریخی کپولا کی مرمت، حفاظتی شیشے کی تنصیب اور اندرونی حصے کی تزئین و آرائش شامل ہے۔ شہری آن لائن پورٹل کے ذریعے ٹور بک کر سکیں گے، جبکہ چھ افراد پر مشتمل گروپس کو ڈی سی اے ایس عملہ رہنمائی فراہم کرے گا۔ ٹور کا آغاز عمارت کے نچلے حصے میں واقع NYC CityStore سے ہوگا۔میئر ممدانی نے یہ اعلان بلیک ہسٹری منتھ کے موقع پر کیا، جو نیویارک کے پہلے سیاہ فام میئر ڈیوڈ ڈنکنز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ٹاور سے شہر کا “خوبصورت موزیک” منظر پوری شان سے دکھائی دیتا ہے اور اب یہ نظارہ ہر شہری کے لیے دستیاب ہوگا۔