vosa.tv
Voice of South Asia!

ٹرمپ کا 12 ارب ڈالر کا اہم معدنیات ذخیرہ منصوبہ

0

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریباً 12 ارب ڈالر مالیت کے اہم معدنیات کے اسٹریٹجک ذخیرے کے قیام کا اعلان کیا ہے، جسے “پروجیکٹ والٹ” کا نام دیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے دی گارجین کے مطابق اس منصوبے کا مقصد چین کی جانب سے نایاب دھاتوں پر موجود برتری کے اثر کو کم کرنا اور امریکی صنعتوں کو ممکنہ سپلائی بحران سے محفوظ رکھنا ہے۔صدر ٹرمپ نے اسے 1970 کی دہائی میں قائم کیے گئے اسٹریٹجک پیٹرولیم ریزرو سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اس بات کو یقینی بنائے گا کہ امریکی کاروبار کسی بھی قلت سے متاثر نہ ہوں۔ منصوبے کے لیے ابتدائی فنڈنگ میں امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک سے 10 ارب ڈالر کا قرض اور تقریباً 1.67 ارب ڈالر نجی سرمایہ شامل ہے، جبکہ مزید ممالک کی شمولیت کا اعلان بھی متوقع ہے۔نایاب زمینی دھاتیں دفاعی سازوسامان، الیکٹرک گاڑیوں، الیکٹرانکس اور جدید ٹیکنالوجی میں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔ گزشتہ برس تجارتی کشیدگی کے دوران چین نے ان معدنیات کی برآمدات محدود کی تھیں، جس سے عالمی سپلائی چین متاثر ہوئی تھی۔ امریکا اب متبادل ذرائع اور ذخائر کے ذریعے اس انحصار کو کم کرنے کی حکمت عملی اپنا رہا ہے۔امریکی حکام کے مطابق یہ ذخیرہ نہ صرف صنعتی پیداوار کو تحفظ دے گا بلکہ طویل مدت میں معاشی اور اسٹریٹجک فائدہ بھی فراہم کرے گا۔ اس حوالے سے واشنگٹن میں اہم معدنیات پر ایک بین الاقوامی اجلاس بھی متوقع ہے، جس میں درجنوں ممالک کے نمائندے شرکت کر کے سپلائی چین تعاون کو مضبوط بنانے پر بات کریں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.