vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکا نے ایچ ون بی ویزا رجسٹریشن کی نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا

0

امریکی سٹیزن شپ و امیگریشن سروسز (USCIS) نے مالی سال 2027 کے لیے ایچ ون بی ویزا کی ابتدائی رجسٹریشن مدت کا اعلان کر دیا ہے، جو 4 مارچ سے دوپہر 12 بجے (ایسٹرن ٹائم) شروع ہو کر 19 مارچ 2026 تک جاری رہے گی۔

امریکی سٹیزن شپ و امیگریشن سروسز کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری خبر کے مطابق اس دوران ایچ ون بی ویزا کے خواہشمند آجروں اور ان کے نمائندوں کو ہر امیدوار کی آن لائن رجسٹریشن کر کے 215 ڈالر فیس ادا کرنا ہوگی۔یو ایس سی آئی ایس کے مطابق ایسے آجر جن کے پاس آن لائن اکاؤنٹ موجود نہیں، انہیں اکاؤنٹ بنانا ہوگا۔ نمائندے کمپنیوں کو پہلے سے اپنے اکاؤنٹ میں شامل کر سکتے ہیں، تاہم امیدواروں کی تفصیلات درج کرنے اور فیس جمع کرانے کا عمل صرف 4 مارچ کے بعد ممکن ہوگا۔ قرعہ اندازی کے ذریعے انتخاب رجسٹریشن مدت ختم ہونے کے بعد ہوگا اور منتخب افراد کو 31 مارچ تک آن لائن اکاؤنٹس کے ذریعے اطلاع دی جائے گی۔ادارے نے واضح کیا ہے کہ صرف وہی آجر مکمل درخواست جمع کرا سکیں گے جن کے امیدوار رجسٹریشن کے مرحلے میں منتخب ہوں گے، بشمول وہ امیدوار جو ایڈوانس ڈگری استثنا کے اہل ہوں۔ مزید تفصیلات اور طریقہ کار یو ایس سی آئی ایس کی ایچ ون بی الیکٹرانک رجسٹریشن ویب پیج پر فراہم کیے جائیں گے۔ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی نے حال ہی میں ایک نیا ضابطہ جاری کیا ہے جس کے تحت ویزا الاٹمنٹ کے عمل میں زیادہ مہارت اور زیادہ تنخواہ والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔ اگر رجسٹریشن کی تعداد مقررہ حد سے بڑھ گئی تو “ویٹڈ سلیکشن” کا عمل ہوگا۔ مزید برآں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ستمبر 2025 کے صدارتی حکم نامے کے تحت کچھ درخواست گزاروں کو ویزا درخواست جمع کرانے سے پہلے اضافی ایک لاکھ ڈالر فیس بھی ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.