vosa.tv
Voice of South Asia!

ٹرمپ کا کینیڈی سینٹر دو سال کیلئے بند کرنے کا اعلان

0

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ جان ایف کینیڈی میموریل سینٹر فار پرفارمنگ آرٹس کو جولائی سے تقریباً دو سال کے لیے تزئین و آرائش اور تعمیرِ نو کے سلسلے میں بند کر دیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب متعدد معروف فنکار اور ثقافتی ادارے حالیہ مہینوں میں اپنی پرفارمنس منسوخ کر چکے ہیں۔ صدر ٹرمپ کے مطابق اس فیصلے کا مقصد عمارت کو تیزی سے جدید اور عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ تفریحی سرگرمیوں کے جاری رہنے سے تعمیراتی کام میں رکاوٹ پیدا ہوگی، اس لیے مکمل عارضی بندش ضروری ہے۔ ان کے مطابق منصوبہ 4 جولائی سے شروع کیا جائے گا، جو امریکا کے 250ویں یومِ آزادی کی تقریبات سے ہم آہنگ ہوگا۔ اس فیصلے کی حتمی منظوری کینیڈی سینٹر کے بورڈ سے مشروط ہوگی، جس کی قیادت اس وقت صدر ٹرمپ کے پاس ہے۔کینیڈی سینٹر، جو 1971 میں قائم ہوا، ابتدا میں ایک قومی ثقافتی مرکز تھا مگر بعد ازاں اسے سابق صدر جان ایف کینیڈی کی یادگار قرار دیا گیا۔ یہ مرکز سال بھر موسیقی، اوپیرا، بیلے اور دیگر فنونِ لطیفہ کی تقریبات کا انعقاد کرتا رہا ہے۔ حالیہ عرصے میں صدر ٹرمپ کی پالیسیوں اور ادارے کی قیادت میں تبدیلیوں کے بعد کئی نمایاں فنکاروں اور اداروں نے احتجاجاً یہاں سے علیحدگی اختیار کی، جن میں معروف میوزیکل “ہیملٹن” کے پروڈیوسرز اور عالمی شہرت یافتہ اوپیرا گلوکارہ رینی فلیمنگ بھی شامل ہیں۔صدر ٹرمپ ماضی میں کینیڈی سینٹر کے بعض پروگراموں کو “انتہائی لبرل” قرار دے کر تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ مجوزہ بندش اور تعمیرِ نو کے منصوبے ثقافتی اداروں کی سمت تبدیل کرنے کی ایک وسیع حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، تاہم کینیڈی سینٹر کی انتظامیہ کی جانب سے اس اعلان پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.