امریکی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے ٹی ڈی بینک کے سابق ملازم نے رشوت لینے اور 55 لاکھ ڈالر سے زائد رقم کولمبیا منتقل کرنے میں معاونت کا اعتراف جرم کر لیا ہے۔
استغاثہ کے مطابق لیونارڈو آیالا نے بینک میں اپنی ملازمت کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے منشیات کی رقم کی منی لانڈرنگ میں کردار ادا کیا۔عدالتی دستاویزات کے مطابق جون سے نومبر 2023 کے دوران ملزم نے جعلی اکاؤنٹس کھولے، فرضی کمپنیوں کے نام پر 150 سے زائد ڈیبٹ کارڈز جاری کیے اور ایسے کارڈز دوبارہ فعال کیے جنہیں مشکوک سرگرمیوں کے باعث بلاک کیا گیا تھا۔ ان اکاؤنٹس اور کارڈز کے ذریعے کولمبیا میں 12 ہزار سے زائد اے ٹی ایم ٹرانزیکشنز کی گئیں، جن کے ذریعے تقریباً 55 لاکھ ڈالر امریکا سے باہر منتقل کیے گئے۔حکام کے مطابق آیالا کو اس سہولت کاری کے بدلے چھ ہزار ڈالر سے زائد رشوت نقد رقم اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کی صورت میں موصول ہوئی۔ ملزم نے منی لانڈرنگ کی سازش اور بینک ملازم کی حیثیت سے رشوت وصول کرنے کے الزامات تسلیم کر لیے ہیں۔ منی لانڈرنگ کی سازش پر زیادہ سے زیادہ 20 سال جبکہ رشوت لینے کے جرم پر 30 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔