نیویارک سٹی کے میئرزوہران ممدانی نے اعلان کیا ہے کہ 3-کے اور پری-کے پروگراموں کیلئے درخواستوں کے آغاز کے بعد سے اب تک 50 ہزار سے زائد خاندان اپنے بچوں کے اندراج کیلئے درخواست دے چکے ہیں۔
یہ اعلان انہوں نے مین ہٹن کے علاقے چائنا ٹاؤن میں ایک ہوم بیسڈ چائلڈ کیئر کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں انہوں نے کمیونٹی سطح پر فراہم کی جانے والی بچوں کی دیکھ بھال کی خدمات کی اہمیت پر زور دیا۔میئر ممدانی کا کہنا تھا کہ ہر بچے کو مفت اور معیاری ابتدائی تعلیم تک رسائی ملنی چاہیے، اور اسی مقصد کے تحت شہر بھر میں خاندانوں کو درخواست دینے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق درخواستیں 27 فروری تک جمع کرائی جا سکتی ہیں اور اہل خاندانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بروقت اندراج کو یقینی بنائیں۔محکمہ تعلیم کے چانسلر کامر سیموئلز نے کہا کہ ابتدائی عمر کی معیاری تعلیم بچوں کیلئے مضبوط تعلیمی بنیاد فراہم کرتی ہے اور کام کرنے والے والدین کیلئے بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ حکام کے مطابق خاندان آن لائن پورٹل، فون یا سٹی کے فیملی ویلکم سینٹرز کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ مختلف زبانوں میں رہنمائی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔شہری انتظامیہ کے مطابق درخواستوں کی جانچ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر نہیں ہوگی، بلکہ آخری تاریخ تک درخواست دینے والے تمام اہل خاندانوں کو داخلے کی پیشکش کی جائے گی۔ میئر ممدانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہر میں ابتدائی تعلیم کے پروگراموں کو مزید مضبوط بنا کر تمام بچوں کیلئے مساوی تعلیمی مواقع یقینی بنائے جائیں گے۔