پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم سعودی عرب کے وفد کے اعزاز میں شاندار ظہرانے کا اہتمام
سیالکوٹ میں سعودی عرب کی معروف صحافتی تنظیم پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم سعودی عرب کے وفد کے اعزاز میں لو سٹی ریسٹورنٹ کی مالک میڈم صائمہ نوید کی جانب سے ایک شاندار ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں فورم کے مرکزی عہدیداران، مقامی صحافیوں، سماجی شخصیات اور کمیونٹی نمائندگان نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کی معروف سماجی، ادبی، علمی اور مذہبی شخصیت انجینئر ارشد محمود تبسّم نے کہا کہ پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم میڈیا اور معاشرے کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فورم صحافتی پیشہ ورانہ مہارت، شفافیت اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے فروغ کے ذریعے درست معلومات کی ترسیل اور عوامی شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جس پر پوری ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے۔میزبان میڈم صائمہ نوید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم دیارِ غیر میں مقیم پاکستانیوں کا حقیقی ترجمان ہے، جو سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی آواز بن کر ان کے مسائل کو مؤثر انداز میں متعلقہ حلقوں تک پہنچا رہا ہے۔ انہوں نے فورم کے کردار کو مثبت اور تعمیری قرار دیتے ہوئے اسے قابلِ ستائش اقدام کہا۔تقریب سے زاہد شریف، عابد شمعون چاند، محمد ذیشان منور، میڈم روبی طارق، میڈم رخسانہ آصف اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم پاک سعودی دوستی کو فروغ دینے میں عملی کردار ادا کر رہا ہے اور اس کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔