امریکی ریاست کیلیفورنیا کی سیاست میں نیا موڑ آ گیا ہے جہاں سان ہوزے کے میئر میٹ مہان نے گورنر کے عہدے کے لیے انتخاب لڑنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے دی گارجین کے مطابق 43 سالہ مہان 2022 میں سلیکون ویلی کے سب سے بڑے شہر سان ہوزے کے میئر منتخب ہوئے تھے۔ وہ موجودہ گورنر گیون نیوزم کی مدت مکمل ہونے کے بعد خالی ہونے والی نشست کے لیے میدان میں اترے ہیں۔مہان اپنی مہم میں عملی اور معتدل طرزِ حکمرانی کو نمایاں کر رہے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ان کی قیادت میں سان ہوزے ملک کے محفوظ ترین بڑے شہروں میں شامل ہوا۔ تاہم ان کے ناقدین کہتے ہیں کہ وہ جرائم کے خلاف سخت اقدامات کی حمایت کرتے رہے ہیں، جن میں 2024 کی متنازع بیلٹ تجویز پروپوزیشن 36 کی تائید بھی شامل تھی، جس میں بعض جرائم پر سزائیں سخت کی گئی تھیں۔میٹ مہان طویل عرصے سے گورنر نیوزم کی پالیسیوں پر تنقید کرتے رہے ہیں، خاص طور پر بے گھر افراد سے متعلق مسائل، جرائم کی روک تھام اور قومی سیاست سے جڑے معاملات پر۔ حالیہ انٹرویوز میں انہوں نے اشارہ دیا کہ وہ اپنی مہم کو وفاقی سطح کی سیاسی کشمکش سے دور رکھتے ہوئے کیلیفورنیا کے مقامی مسائل، جیسے مہنگی زندگی اور ہاؤسنگ بحران، پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔گورنر گیون نیوزم نے مہان کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں نیک خواہشات کا اظہار کیا، تاہم اپنی جارحانہ سیاسی حکمتِ عملی کا دفاع بھی کیا، جس پر مہان تنقید کرتے رہے ہیں۔