دبئی: (ویب ڈیسک)دبئی حکومت نے بین الاقوامی مسافروں کے سفر کو مزید آسان بنانے کیلئے نیا منصوبہ متعارف کرا دیا۔ اب مسافر ایئر پورٹ پہنچے سے قبل خصوصی سینٹرز سے بورڈنگ پاس حاصل کرکے اپنا سامان جمع کراسکیں گے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہر سے چیک اِن کی سہولت متعارف ہونے سے نہ صرف مسافروں کا قیمتی وقت بچے گا بلکہ ائیرپورٹ پر دباؤ میں بھی نمایاں کمی آئے گی، جس سے مجموعی سفری تجربہ مزید بہتر ہو جائے گا۔اس منصوبے کے تحت دبئی میں ائیرپورٹ کے علاوہ خصوصی چیک اِن سینٹرز قائم کیے جائیں گے ۔ ان خصوصی سینٹر ز پر مسافر چیک اِن کرنے کے بعد بورڈنگ پاس حاصل کر سکیں گے۔اپنا سامان جمع کرا ئیں گے اور ائیرپورٹ پہنچ کر پرواز میں سوار ہوں گے۔حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بڑھتے ہوئے رش کو کم کرنا اور مسافروں کو زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔ دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ روزانہ اوسطاً ڈھائی لاکھ سے زائد مسافروں کو ہینڈل کرتا ہے، جبکہ مصروف سفری دنوں میں یہ تعداد تین لاکھ سے بھی تجاوز کر جاتی ہے۔ رواں برس کے آغاز میں ایک دن میں تین لاکھ چوبیس ہزار سے زائد مسافروں کی آمد و رفت ریکارڈ کی گئی، جو ائیرپورٹ کی تاریخ کا مصروف ترین دن تھا۔اعداد و شمار کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر روزانہ دو ہزار سے ڈھائی ہزار پروازیں آپریٹ کی جاتی ہیں، جبکہ سالانہ پروازوں کی تعداد سات سے نو لاکھ کے درمیان ہے۔ سو سے زائد ائیرلائنز کی سرگرمی کے باعث دبئی ائیرپورٹ عالمی فضائی رابطوں کا ایک اہم مرکز بن چکا ہے۔