vosa.tv
Voice of South Asia!

برفانی طوفان کے بعد لاگارڈیا ایئرپورٹ پر شدید فضائی بحران

0

شدید برفانی طوفان کے بعد نیویارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہو گیا ہے، جبکہ امریکن ایئرلائنز نے اعلان کیا ہے کہ حالیہ طوفان اس کی سو سالہ تاریخ کا سب سے زیادہ تباہ کن موسم ثابت ہوا ہے۔ ایئرلائن کے مطابق اب تک 10 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں اور آئندہ دو روز تک مزید خلل کا خدشہ ہے۔

اے بی سی نیوز کے مطابق صرف منگل کے روز امریکن ایئرلائنز نے اپنی تقریباً 37 فیصد پروازیں، یعنی 1,400 فلائٹس منسوخ کیں، جو دیگر بڑی ایئرلائنز کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ اسی دن ڈیلٹا نے 3 فیصد جبکہ یونائیٹڈ نے صرف 1 فیصد پروازیں منسوخ کیں۔ بدھ کے لیے بھی امریکن ایئرلائنز پہلے ہی سینکڑوں پروازیں منسوخ کر چکی ہے۔ ایئرلائن کے سربراہ نے جزوی طور پر ڈیلس میں جاری شدید سرد موسم کو اس بحران کی ایک بڑی وجہ قرار دیا ہے، کیونکہ ڈیلس کمپنی کا سب سے بڑا حب ہے۔ایئرلائن کو اس بحران کے باعث 150 سے 200 ملین ڈالر تک مالی نقصان کا اندازہ ہے جبکہ کمپنی کے شیئرز میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ عملے کی کمی پر قابو پانے کے لیے فضائی میزبانوں کو اضافی ڈیوٹی پر ڈبل تنخواہ اور پائلٹس کو اضافی گھنٹوں کی ادائیگی کی پیشکش کی جا رہی ہے تاکہ شیڈول بحال کیا جا سکے۔لاگارڈیا ایئرپورٹ پر منگل کو 250 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر 155 اور نیوارک میں 78 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ متعدد مسافر دو دن سے پھنسے ہوئے ہیں اور ہوٹل، کھانے اور متبادل سفری انتظامات پر بھاری اخراجات برداشت کر رہے ہیں۔ بعض مسافروں کا کہنا ہے کہ موسم کی خرابی کے باعث ایئرلائنز اخراجات کی واپسی سے انکار کر رہی ہیں۔ ملک بھر میں ہزاروں پروازیں تاخیر یا منسوخی کا شکار ہوئیں، جس سے فضائی سفر کا نظام شدید دباؤ میں آ گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.