vosa.tv
Voice of South Asia!

اوکلاہوما: یوٹیوب پر وفاقی اہلکاروں کو قتل کی دھمکیاں دینے والا شخص گرفتار

0

 امریکی ریاست اوکلاہوما کے شہر مکلاوڈ سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ ٹیلر ریان پرِگ مور کے خلاف وفاقی ایجنٹس اور دیگر افراد کو قتل کی دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

 امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق ایک وفاقی شکایت کو منظرِ عام پر لایا گیا ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم نے یوٹیوب پر متعدد ویڈیوز کے کمنٹس میں سنگین دھمکیاں دیں۔ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے کہا کہ ملزم نے مبینہ طور پر آئی سی ای (امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ) کے اہلکاروں اور دیگر افراد کو قتل کرنے کی بات کی۔ ان کے مطابق اگر کوئی قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دیتا ہے تو ایف بی آئی اور اس کے شراکت دار اسے تلاش کر کے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔عدالتی ریکارڈ کے مطابق 17 جنوری کو ایف بی آئی کو گوگل کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی، جس میں یوٹیوب کے ایک صارف کی جانب سے کی گئی دھمکی آمیز پوسٹس کی نشاندہی کی گئی۔ یہ کمنٹس 9 مئی 2025 سے 17 جنوری 2026 کے دوران مختلف ویڈیوز پر پوسٹ کیے گئے، جن میں آئی سی ای ایجنٹس اور دیگر وفاقی اہلکاروں کو قتل کرنے کی دھمکیاں شامل تھیں۔ ریکارڈ کے مطابق صرف گزشتہ ہفتے ہی ملزم نے آٹھ ایسے کمنٹس کیے، جن میں اس نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی قانون نافذ کرنے والا اہلکار اس کے گھر آیا تو وہ “زیادہ سے زیادہ افراد کو قتل کرے گا”۔19 جنوری کو ٹیلر ریان پرِگ مور کے خلاف بین الریاستی ذرائع کے ذریعے دھمکی آمیز پیغام رسانی کے الزام میں فردِ جرم عائد کی گئی، جس کے بعد ایف بی آئی نے اسی روز اسے گرفتار کر لیا۔ ملزم کو مغربی اوکلاہوما کی وفاقی عدالت میں مجسٹریٹ جج کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں اسے مقدمے تک حراست میں رکھنے کا حکم دیا گیا۔محکمۂ انصاف کے مطابق اگر ملزم پر عائد الزامات ثابت ہو گئے تو اسے زیادہ سے زیادہ پانچ سال قید اور دو لاکھ پچاس ہزار ڈالر جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ یہ شکایت محض الزامات پر مبنی ہے اور ملزم اس وقت تک بے گناہ تصور کیا جائے گا جب تک عدالت میں جرم ثابت نہ ہو جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.