vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکا سے ڈیپورٹ پاکستانی کی بیٹیوں نے دردمندانہ اپیل کر دی

0

امریکی ریاست الی نوائے سے ڈی پورٹ کیے گئے پاکستانی شہری آصف امین چیمہ کی بیٹیوں نے اپنے والد کی واپسی کے لیے جذباتی اپیل کردی۔ بیٹیوں کا کہنا ہے کہ ان کے والد امریکا میں قانونی طور پر مقیم تھے اور انہیں جبری طور پر پاکستان بھیجنا ناانصافی ہے۔

شکاگو کے علاقے ہمبولٹ پارک میں ریستوران کے مالک آصف امین چیمہ کی بیٹیوں کے مطابق ان کے والد کو ستمبر میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ کام پر جا رہے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ والد کے پاس ورک پرمٹ موجود تھا اور گرین کارڈ کے لیے انٹرویو بھی متوقع تھا۔اہل خانہ کے مطابق آصف امین کو نومبر میں ڈی پورٹ کیا جانا تھا مگر فلائٹ پر سوار ہونے سے کچھ دیر قبل انہیں دل میں شدید درد کی شکایت ہوئی جس پر انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بعد ازاں اپیلز کورٹ نے انہیں امریکا میں رہنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا اور یکم جنوری کو انہیں پاکستان ڈی پورٹ کر دیا گیا۔خاندان کا دعویٰ ہے کہ گرفتاری کے دوران آصف امین کو بروقت دوا بھی نہیں دی گئی، حالانکہ وہ دل کے مریض ہیں۔ اہل خانہ کو اس بات کی شدید تکلیف ہے کہ عشروں پرانا ڈی پورٹیشن حکم نامہ اچانک نافذ کر دیا گیا، جس کے بارے میں انہیں پہلے مکمل آگاہی نہیں تھی۔آصف کی بیٹی ربیعہ امین نے روتے ہوئے کہا کہ خاندان نے ہمیشہ قانونی راستہ اختیار کیا مگر اس کے باوجود ان کے والد کے ساتھ ناانصافی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ والد اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے خواب لے کر امریکا آئے تھے جو اب ٹوٹ چکے ہیں۔اہل خانہ کو امید ہے کہ جج اس کیس کا دوبارہ جائزہ لیں گے تاکہ بچھڑا ہوا خاندان ایک بار پھر امریکا میں اکٹھا رہ سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.