نیو جرسی کی گورنر کے طور پر میکی شیرِل آج باضابطہ طور پر حلف اٹھا رہی ہیں، جس کے ساتھ ہی وہ ریاست کی پہلی ڈیموکریٹ خاتون گورنر بن جائیں گی۔
2025 کے انتخابات میں تقریباً 14 فیصد واضح برتری سے کامیابی حاصل کرنے والی شیرِل، سابق گورنر فل مرفی کی جگہ اقتدار سنبھالیں گی اور دہائیوں بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ نیو جرسی میں مسلسل تیسری مدت کے لیے ڈیموکریٹ گورنر آ رہا ہے۔حلف برداری کی تقریب معمول سے ہٹ کر دارالحکومت ٹرینٹن کے بجائے نیوارک میں نیو جرسی پرفارمنگ آرٹس سینٹر میں منعقد کی جا رہی ہے، جبکہ افتتاحی تقریب ایسٹ ردرفورڈ میں امریکن ڈریم میں ہوگی۔ سابق نیوی پائلٹ اور چار مدتوں تک کانگریس کی رکن رہنے والی 54 سالہ شیرِل نے واضح کیا ہے کہ وہ موجودہ حالات سے مطمئن نہیں اور نیو جرسی میں فوری طور پر نیا ایجنڈا نافذ کریں گی۔انتخابی مہم کے دوران شیرِل نے مہنگائی میں کمی، ریاست کو زیادہ قابلِ برداشت بنانے اور ٹرمپ انتظامیہ کی بعض پالیسیوں پر تنقید کو مرکزی نکات بنایا۔ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ صدر کو فوجی تعیناتیوں یا گرین لینڈ جیسے معاملات کے بجائے معیشت پر توجہ دینی چاہیے، کیونکہ بڑھتی ہوئی قیمتیں عام شہریوں کی زندگی کو براہِ راست متاثر کر رہی ہیں۔امیگریشن کے حوالے سے شیرِل کا کہنا ہے کہ قانون توڑنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، تاہم محنت کش اور قانون کی پاسداری کرنے والے تارکینِ وطن کو تحفظ دیا جائے گا۔