vosa.tv
Voice of South Asia!

گل پلازہ سانحہ، جس نے تاجروں اور شہریوں کی زندگیوں کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا

0

کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع معروف شاپنگ سینٹر گل پلازہ میں لگنے والی ہولناک آگ نے عمارت اور اس سے جڑے سینکڑوں خاندانوں کی زندگیاں بدل کر رکھ دی ہیں۔

 ہفتے کی شب آتشزدگی کے بعد اتوار کی صبح جب روشنی پھیلی تو تباہی کا خوفناک منظر سامنے آیا، گل پلازہ کی تین منزلہ عمارت کا تقریباً 40 فیصد حصہ منہدم ہو چکا تھا جبکہ باقی حصوں کو بھی مخدوش قرار دے دیا گیا۔ وہ عمارت جو کبھی خریداری کا گڑھ سمجھی جاتی تھی، اب راکھ اور ملبے کا ڈھیر بن چکی ہے۔آگ نے دکانوں اور گوداموں کو مکمل طور پر جلا کر رکھ دیا، جہاں موجود کروڑوں روپے مالیت کا سامان بھی خاکستر ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق کئی دکانوں میں فروخت شدہ اشیا کے عوض حاصل ہونے والی نقد رقم بھی موجود تھی، جو آگ کی لپیٹ میں آکر جل گئی۔ جس جگہ روزانہ خریداروں کا ہجوم ہوتا تھا، وہاں اب صرف دھواں، راکھ اور تباہی دکھائی دے رہی ہے، جبکہ امدادی ٹیمیں اب بھی ملبے کے درمیان کام میں مصروف ہیں۔تباہ حال دکانوں کے مالکان اپنی زندگی بھر کی کمائی کو اپنی آنکھوں کے سامنے جلتا دیکھ کر شدید صدمے سے دوچار ہیں۔ ریسکیو اہلکار موقع پر موجود ہیں اور صورتحال کو قابو میں رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم آگ کے اثرات اب بھی کئی دکانوں میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔ اس سانحے کے بعد تاجروں نے سوگ کا اعلان بھی کیا ہے۔گل پلازہ صرف ایک شاپنگ سینٹر نہیں تھا بلکہ سینکڑوں خاندانوں کے روزگار کا ذریعہ بھی تھا۔ یہاں بچوں اور بڑوں کے کپڑوں، جہیز کے سامان، برتنوں، سوٹ کیسز، کمبل، کھلونوں، جیولری، جوتوں، میک اپ اور دیگر روزمرہ اشیا کی فروخت ہوتی تھی۔ اس حادثے کے بعد نہ صرف کاروبار تباہ ہوا بلکہ بڑی تعداد میں افراد بے روزگار بھی ہو گئے ہیں۔ عمارت کو مخدوش قرار دیے جانے کے بعد یہ سوال شدت سے اٹھ رہا ہے کہ اس عظیم مالی نقصان اور قیمتی انسانی جانوں کے صدمے کا ازالہ کیسے اور کب ممکن ہو سکے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.