vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکی صدر کا 8  یورپی ممالک پر اضافی درآمدی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان

0

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ کے معاملے پر یورپی اتحادی ممالک کے ساتھ جاری اختلافات کو مزید شدت دیتے ہوئے آٹھ یورپی ممالک پر اضافی درآمدی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان ممالک میں ڈنمارک، ناروے، سویڈن، فرانس، جرمنی، نیدرلینڈز، فن لینڈ اور برطانیہ شامل ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ جب تک امریکا کو گرین لینڈ خریدنے کی اجازت نہیں دی جاتی، یورپی اتحادیوں پر دباؤ بڑھایا جائے گا۔ ان کے مطابق یکم فروری سے ان ممالک کی مصنوعات پر 10 فیصد اضافی درآمدی ٹیکس نافذ کیا جائے گا، جو پہلے ہی امریکی ٹیرف کی زد میں ہیں۔صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ یہ اقدام گرین لینڈ کے مستقبل پر جاری تنازع کے تناظر میں کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے کئی برسوں تک ڈنمارک اور یورپی یونین کے ممالک کو بغیر کسی معاوضے کے تجارتی رعایتیں دی ہیں، تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ ڈنمارک اس کا جواب دے۔ ان کے بقول گرین لینڈ کا معاملہ صرف علاقائی نہیں بلکہ عالمی امن اور سلامتی سے جڑا ہوا ہے۔امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ چین اور روس بھی گرین لینڈ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور ڈنمارک اس صورت حال سے مؤثر طور پر نمٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ ان کے مطابق موجودہ عالمی حالات میں صرف امریکا ہی گرین لینڈ اور اس کے اردگرد کے خطے کو محفوظ بنا سکتا ہے، کیونکہ یہ علاقہ اسٹریٹجک اعتبار سے نہایت اہم ہے۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ حالیہ عرصے میں ڈنمارک سمیت آٹھ یورپی ممالک کے گرین لینڈ کے دورے ہوئے، جن کے مقاصد واضح نہیں تھے، اور ان سرگرمیوں نے صورت حال کو مزید حساس بنا دیا ہے۔ ان کے بقول یہ ایک خطرناک رجحان ہے جو عالمی امن و سلامتی کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، اسی لیے سخت اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر گرین لینڈ کی خریداری کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہ ہوئی تو یکم جون سے ٹیرف بڑھا کر 25 فیصد کر دیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا گزشتہ 150 برس سے گرین لینڈ خریدنے کی کوشش کرتا آ رہا ہے اور متعدد امریکی صدور یہ خواہش ظاہر کر چکے ہیں، مگر ڈنمارک کی جانب سے ہمیشہ انکار کیا گیا۔صدر ٹرمپ کے مطابق جدید دفاعی نظام، خصوصاً ’گولڈن ڈوم‘ دفاعی منصوبے کے تناظر میں گرین لینڈ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اس معاملے پر ڈنمارک اور دیگر متعلقہ ممالک سے مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم ان کے بقول گرین لینڈ کے بغیر عالمی سلامتی کے اہداف مکمل طور پر حاصل نہیں کیے جا سکتے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.