vosa.tv
Voice of South Asia!

نیوجرسی: دو پاکستانیوں پر وفاقی الیکشن میں غیرقانونی ووٹنگ کا فردِ جرم عائد

0

امریکی ریاست نیوجرسی میں دو پاکستانی شہریوں پر وفاقی انتخابات میں غیرقانونی طور پر ووٹ ڈالنے اور امریکی شہریت کی درخواستوں میں جھوٹے بیانات دینے کے الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔

امریکی اٹارنی آفس کے مطابق یہ کارروائی یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز کی مدد سے عمل میں آئی، جبکہ تحقیقات میں ایف بی آئی، ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشنز اور یو ایس سی آئی ایس نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔عدالتی دستاویزات کے مطابق 37 سالہ محمد مزمل اور 62 سالہ محمد شکیل اس وقت امریکی شہری نہیں تھے جب انہوں نے نیوجرسی میں ووٹر رجسٹریشن کرائی۔ دونوں نے رجسٹریشن فارم میں خود کو امریکی شہری ظاہر کیا اور بعد ازاں نومبر 2020 کے عام انتخابات میں ووٹ ڈالے، جن میں امریکی صدر اور نائب صدر کے انتخابات بھی شامل تھے، حالانکہ امریکی قانون کے تحت وفاقی انتخابات میں ووٹنگ کے لیے امریکی شہریت لازمی ہے۔استغاثہ کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کے بعد دونوں افراد نے امریکی شہریت کے حصول کے لیے این-400 فارم جمع کرایا، جس میں حلفاً یہ مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے کبھی کسی وفاقی، ریاستی یا مقامی الیکشن میں ووٹ نہیں دیا۔ حکام کے مطابق یو ایس سی آئی ایس افسران کے سامنے انٹرویوز کے دوران بھی یہی بیان دہرایا گیا، جبکہ سرکاری ریکارڈ کے مطابق دونوں اس سے قبل ووٹنگ کر چکے تھے۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ الزامات فی الحال فردِ جرم کی حد تک ہیں اور قانون کے مطابق ملزمان اس وقت تک بے گناہ تصور کیے جائیں گے جب تک عدالت میں جرم ثابت نہ ہو جائے۔ الزامات ثابت ہونے کی صورت میں دونوں کو زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.