نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے افوا عطا-منسہ کو چیف ایکویٹی آفیسر اور میئر آفس آف ایکویٹی اینڈ ریشل جسٹس کی کمشنر مقرر کر دیا ہے۔
نئی تقرری کے تحت وہ شہر کے تمام اداروں میں نسلی مساوات سے متعلق پالیسیوں اور اقدامات کی نگرانی کریں گی اور میئر ممدانی کے پہلے 100 دنوں کے اندر ابتدائی سٹی وائیڈ ریشل ایکویٹی پلان کی تیاری اور اشاعت کی قیادت کریں گی۔میئر زوہران ممدانی کا کہنا ہے کہ یہ تقرری نیویارک میں نسلی انصاف کے ایک نئے مرحلے کا آغاز ہے، کیونکہ سابقہ انتظامیہ مقررہ مدت میں ریشل ایکویٹی پلان جاری کرنے میں ناکام رہی تھی۔ انتظامیہ کے مطابق نئے منصوبے کے مسودے پر عوامی رائے بھی حاصل کی جائے گی، جس کے بعد حتمی ریشل ایکویٹی پلان رواں سال کے دوران جاری کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ 2022 میں نیویارک کے ووٹرز نے ریفرنڈم کے ذریعے نسلی مساوات کے جامع منصوبے کی بھرپور حمایت کی تھی۔افوا عطا-منسہ اس سے قبل کمیونٹی چینج میں چیف آف پروگرامز، کمیونٹی وائسز ہرڈ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور اربن جسٹس سینٹر میں لٹیگیشن و پالیسی کی ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں، جہاں انہوں نے محنت کش طبقے، منصفانہ ہاؤسنگ اور نسلی انصاف کے لیے عملی اور پالیسی سطح پر نمایاں کردار ادا کیا۔اپنے بیان میں افوا عطا-منسہ نے کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو اعزاز سمجھتی ہیں اور تمام نیویارکرز کے لیے انصاف، مساوات اور جوابدہی کے فروغ کے لیے پُرعزم ہیں۔