حکومت نے نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹس شائع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کی باضابطہ منظوری وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔
اس فیصلے کے تحت 100، 500، 1,000 اور 5,000 روپے مالیت کے بینک نوٹس کے نئے ڈیزائن متعارف کرائے جائیں گے۔کابینہ اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹس جدید بین الاقوامی معیارات کے مطابق تیار کیے جا رہے ہیں۔ ان ڈیزائنز میں پاکستان کی علاقائی اور جغرافیائی تنوع، تاریخی ورثے اور نمایاں مقامات کو اجاگر کیا جائے گا، جبکہ خواتین کے قومی ترقی میں کردار اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم موضوعات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے عالمی سطح کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں تاکہ ڈیزائن عالمی معیار کے مطابق ہوں۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ جعلی کرنسی کی روک تھام کے لیے نئے نوٹس میں جدید اور مضبوط سکیورٹی فیچرز اور تھریڈز شامل کیے جائیں گے، جس سے بینک نوٹس کو زیادہ محفوظ بنایا جا سکے گا۔وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹس کے حتمی اجرا سے قبل مجوزہ ڈیزائنز کا مزید تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی کابینہ کمیٹی قائم کرنے کی بھی منظوری دی، جو تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات پیش کرے گی۔