نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی اور نیویارک سٹی پبلک اسکولز کے چانسلر کمار سیموئلز نے 3-K اور پری کے پروگرامز کے لیے درخواستوں کے باضابطہ آغاز کا جشن مناتے ہوئے بروکلین کے علاقے سائپرس ہلز میں ایک 3-K اور پری کے چائلڈ کیئر سینٹر کا دورہ کیا۔
حکام کے مطابق درخواستیں 27 فروری 2026 تک کھلی رہیں گی اور وہ والدین جن کے بچے اس سال 3 یا 4 برس کے ہو رہے ہیں، انہیں myschools.nyc پر درخواست دے سکتے ہیں۔شہری انتظامیہ کے مطابق شہری 718-935-2009 پر کال کرکے یا شہر بھر میں قائم 13 فیملی ویلکم سینٹرز میں جا کر بھی درخواست کے عمل میں مدد حاصل کر سکتے ہیں۔ آن لائن درخواستیں 13 زبانوں میں دستیاب ہیں، جبکہ فون یا فیملی ویلکم سینٹرز پر 200 سے زائد زبانوں میں ترجمانی کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔میئر ممدانی نے اس موقع پر ایک نئی ویڈیو بھی جاری کی جس میں نیویارک کے خاندانوں کو 3-K اور پری کے لیے درخواست دینے کی ترغیب دی گئی ہے۔ یہ ویڈیو ٹیکسی ٹی وی اور لنک این وائی سی پر نشر کی جائے گی، جو نئی انتظامیہ کی جانب سے خاندانوں تک رسائی بڑھانے کی ایک وسیع مہم کا حصہ ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ درخواستیں پہلے آئیں، پہلے پائیں کی بنیاد پر قبول نہیں کی جائیں گی اور جو خاندان آخری تاریخ تک درخواست دے گا، اسے پیشکش ضرور ملے گی۔ فیملی ویلکم سینٹرز پیر سے جمعرات صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جبکہ جمعہ کو صبح 8 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک کھلے رہتے ہیں، جبکہ ہیلپ لائن پیر سے جمعہ صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک دستیاب ہے۔