vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکا کی اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کی ہدایت

0

ایران میں جاری احتجاج اور سیکیورٹی صورتحال میں بگڑتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر امریکا نے اپنے تمام شہریوں کو فوری طور پر زمینی راستوں کے ذریعے ایران چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری تازہ ترین سیکیورٹی الرٹ میں کہا گیا ہے کہ مظاہروں کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جو کسی بھی وقت مزید پُرتشدد رخ اختیار کر سکتے ہیں۔امریکی حکام کے مطابق موجودہ حالات میں گرفتاریوں، زخمی ہونے اور شہریوں کی نقل و حرکت محدود ہونے کا شدید خدشہ ہے۔ اسی لیے امریکی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر ممکن ہو تو آرمینیا یا ترکیہ کے راستے زمینی سفر اختیار کرتے ہوئے ایران سے روانہ ہو جائیں۔امریکی محکمہ خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری معلومات کے مطابق ایران بھر میں سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں، متعدد سڑکیں بند ہیں، عوامی ٹرانسپورٹ شدید متاثر ہو چکی ہے جبکہ انٹرنیٹ اور مواصلاتی نظام تک رسائی میں بڑی رکاوٹیں درپیش ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی حکومت نے موبائل فون، لینڈ لائن اور قومی انٹرنیٹ نیٹ ورک کو محدود کر دیا ہے، جس کے باعث شہریوں اور غیر ملکیوں کو رابطے میں مشکلات کا سامنا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کئی بین الاقوامی ایئرلائنز نے ایران کے لیے اپنی پروازیں محدود یا منسوخ کر دی ہیں، جبکہ بعض فضائی کمپنیوں نے 16 جنوری تک اپنی سروس معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ایسے میں فضائی راستے کے بجائے زمینی راستوں کو نسبتاً محفوظ قرار دیا جا رہا ہے۔امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ جو شہری فی الوقت ایران چھوڑنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، وہ اپنے گھروں یا کسی محفوظ عمارت میں رہیں اور پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کا مناسب ذخیرہ اپنے پاس رکھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکا اور ایران کی دوہری شہریت رکھنے والے افراد کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایران سے روانگی کے وقت ایرانی پاسپورٹ استعمال کریں، کیونکہ ایرانی حکومت دوہری شہریت کو تسلیم نہیں کرتی اور ایسے افراد کو صرف ایرانی شہری تصور کیا جاتا ہے۔سیکیورٹی الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ امریکی شہریوں کو ایران میں پوچھ گچھ، گرفتاری اور حراست کا سنگین خطرہ لاحق ہے، جبکہ امریکی پاسپورٹ دکھانا یا امریکا سے تعلق ظاہر کرنا بھی گرفتاری کی وجہ بن سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.