نیو جرسی کے سابق ڈیموکریٹک گورنر رچرڈ کوڈی، جنہوں نے 2004 میں جم مکگریوی کے استعفے کے بعد گورنر کا منصب سنبھالا تھا، 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے اہلِ خانہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔
اہلخانہ کے مطابق رچرڈ کوڈی مختصر علالت کے بعد گھر پر اپنے اہلِ خانہ کے درمیان انتقال کر گئے۔ بیان میں کہا گیا کہ خاندان نے ایک محبت کرنے والے شوہر، والد اور دادا کو کھو دیا، جبکہ نیو جرسی ایک ایسے عوامی خادم سے محروم ہو گئی جس نے دہائیوں تک عوام کی خدمت کی۔رچرڈ کوڈی نے 2004 سے 2006 تک نیو جرسی کے 53ویں گورنر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ اسمبلی، سینیٹ اور سینیٹ صدر سمیت کئی اہم عہدوں پر فائز رہے اور ریاست کی تاریخ کے طویل ترین عرصے تک خدمات انجام دینے والے قانون سازوں میں شمار ہوتے ہیں۔موجودہ گورنر فل مرفی نے رچرڈ کوڈی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیو جرسی کی اقدار کی عملی تصویر تھے۔ ان کے مطابق کوڈی نے ذہنی صحت، اسٹیم سیل تحقیق، تعلیمی تحفظ اور عوامی صحت سے متعلق اصلاحات میں نمایاں کردار ادا کیا اور ریاست کو ایک محفوظ اور بہتر مستقبل کی جانب لے جانے میں اہم خدمات انجام دیں۔رچرڈ کوڈی ذہنی صحت سے متعلق مسائل پر کھل کر بات کرنے اور اصلاحات کے حامی تھے، خصوصاً اپنی اہلیہ کے ذاتی تجربات کے بعد انہوں نے اس شعبے میں قانون سازی کو فروغ دیا۔ ان کی سیاسی زندگی کا آغاز 1973 میں ہوا اور 2023 میں انہوں نے سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔