جدہ میں پاکستان قونصلیٹ کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح
جدہ میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی، سعودی معززین، پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور قونصلیٹ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے قونصلیٹ کی انتظامیہ اور سعودی حکام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو بہتر اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے نئی چانسری میں قونصلر آپریشنز کی منتقلی کی اجازت بھی دی، جس سے خدمات کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔نئی عمارت کے قیام سے سعودی عرب کے مغربی ریجن میں مقیم تقریباً 18 لاکھ پاکستانیوں کو قونصلر سہولیات زیادہ مؤثر اور منظم انداز میں میسر آئیں گی۔ حکام کے مطابق جدید سہولیات سے لیس یہ چانسری کمیونٹی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کی گئی ہے۔افتتاحی تقریب کے دوران پاکستانی پرچم لہرایا گیا، شجرکاری کی گئی، ربن کاٹ کر تختی کی نقاب کشائی کی گئی، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔ اس موقع پر نئی عمارت کی خصوصیات اور سہولیات پر مشتمل ایک ویڈیو پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی۔