vosa.tv
Voice of South Asia!

گرین لینڈ پر ٹرمپ کے دعوے، اتحادیوں اور کانگریس میں تشویش

0

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر گرین لینڈ پر امریکی کنٹرول کے حوالے سے سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر “چاہے وہ راضی ہوں یا نہ ہوں، امریکا کچھ نہ کچھ ضرور کرے گا”۔

وائٹ ہاؤس میں تیل کمپنیوں کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اگر امریکا نے قدم نہ اٹھایا تو روس یا چین گرین لینڈ پر قبضہ جما سکتے ہیں، جو امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہوگا۔صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی گرین لینڈ کو خریدنے یا طاقت کے ذریعے کنٹرول میں لینے کی بات کر چکے ہیں، تاہم گرین لینڈ، ڈنمارک اور یورپی اتحادیوں کی جانب سے اس پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ گرین لینڈ کے امریکا میں نمائندے جیکب اسبوسیتھسن نے واضح کیا کہ گرین لینڈ فروخت کے لیے نہیں اور یہ سرزمین گرین لینڈ کے عوام کی ملکیت ہے۔کانگریس میں بھی صدر ٹرمپ کے اس مؤقف پر تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ریپبلکن اور ڈیموکریٹ دونوں جماعتوں کے سینیٹرز نے کہا ہے کہ گرین لینڈ کے مستقبل پر کسی قسم کی خرید و فروخت یا کنٹرول کی بات قابلِ قبول نہیں، کیونکہ امریکا، ڈنمارک اور گرین لینڈ اتحادی ہیں اور باہمی تعاون کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں۔ ہاؤس اسپیکر مائیک جانسن نے بھی فوجی کارروائی کے امکان کو مسترد کیا ہے۔تاہم نائب صدر جے ڈی وینس نے یورپی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ صدر ٹرمپ کے بیانات کو سنجیدگی سے لیں، کہتے ہوئے کہ گرین لینڈ نہ صرف امریکا بلکہ دنیا کے میزائل دفاعی نظام کے لیے اہم ہے اور دشمن طاقتیں اس خطے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ ادھر اگلے ہفتے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ڈنمارک اور گرین لینڈ کے حکام سے ہنگامی ملاقات متوقع ہے، جس میں اس معاملے پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.