امریکی ریاست میساچوسٹس کے ایک شخص کو جانوروں پر انتہائی تشدد اور جنسی زیادتی پر مبنی ویڈیوز بنانے اور تقسیم کرنے کی سازش میں ملوث ہونے پر 30 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق اسکیچیویٹ، میساچوسٹس کے رہائشی گیریٹ فٹزجیرالڈ نے اعترافِ جرم کیا کہ وہ نام نہاد “اینمل کرش ویڈیوز” بنانے اور پھیلانے کے نیٹ ورک کا حصہ تھا۔ یہ ویڈیوز جانوروں، خصوصاً ننھے اور بالغ بندروں پر بے رحمانہ تشدد کو دکھاتی تھیں۔استغاثہ کے مطابق فٹزجیرالڈ نے اپنے ساتھیوں رونالڈ بیڈرا، رابرٹ برنڈٹ اور دیگر افراد کے ساتھ مل کر انڈونیشیا میں موجود افراد کو خفیہ چیٹس کے ذریعے ہدایات اور رقم بھیجی، تاکہ تشدد پر مبنی ویڈیوز تیار کی جا سکیں۔ بعد ازاں یہ ویڈیوز آپس میں اور آن لائن پلیٹ فارمز پر تقسیم کی گئیں۔ رابرٹ برنڈٹ کو گزشتہ ماہ 38 ماہ جبکہ رونالڈ بیڈرا کو اس سے قبل 54 ماہ قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔یہ کیس امریکی فش اینڈ وائلڈ لائف سروس اور ایف بی آئی کی مشترکہ تحقیقات کے نتیجے میں سامنے آیا۔