vosa.tv
Voice of South Asia!

محمد حسنین قمر کی نیوجرسی میں تدفین، پاکستانی کمیونٹی سوگوار

0

 نیویارک میں سماجی تنظیم ون نیشن یو ایس کے رہنما قمر اقبال کے جواں سال صاحبزادے اور علاؤالدین چودھری عرف مٹھو بھائی کے بھتیجے محمد حسنین قمر کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ نیوجرسی میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

 دو روز قبل لانگ آئی لینڈ میں روڈ ایکسیڈنٹ میں جاں بحق ہونے والے سماجی تنظیم ون نیشن یو ایس کے رہنما قمر اقبال کے جواں سال صاحبزادے اور علاؤالدین چودھری عرف مٹھو بھائی کے بھتیجے محمد حسنین قمر کی نمازِ جنازہ کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع مکی مسجد میں پیش امام قاری اسامہ کی اقتدا میں ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ کمیونٹی نے قمر اقبال سے ان کے جواں فرزند کے اس سانحہ ارتحال پر تعزیت کی اور حوصلہ دیا۔ نمازیوں سے خطاب میں پیش امام قاری اسامہ کا کہنا تھا کہ پروردگار کی بارگاہ میں ہماری ظاہری شخصیت کوئی معنی نہیں رکھتی، انسان کا کردار اور اخلاق ہی آخرت میں کامیابی کا راستہ ہے۔مرحوم نوجوان کے غسل، کفن اور تجہیز و تکفین کے انتظامات الریان مسلم فیونرل سروس کے زیر اہتمام انجام دیے گئے۔ نمازِ جنازہ اور تدفین کے عمل میں لوگوں کا جمِ غفیر موجود تھا۔ فضا سوگوار اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔ نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرحوم حسنین قمر کا جسدِ خاکی نیوجرسی میں واقع مالبورو قبرستان لے جایا گیا جہاں انہیں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.