vosa.tv
Voice of South Asia!

ٹرمپ کا بڑا قدم، امریکا درجنوں اقوامِ متحدہ اداروں سے علیحدگی کے قریب

0

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا 66 اقوامِ متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے دستبردار ہو جائے گا، جن میں موسمیاتی تبدیلی، امن اور جمہوریت سے متعلق اہم عالمی فورمز بھی شامل ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری صدارتی یادداشت کے مطابق یہ فیصلہ اس جائزے کے بعد کیا گیا کہ کون سے ادارے اور معاہدے امریکا کے قومی مفادات سے متصادم ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ ان اداروں میں شمولیت ختم کرنے کے ساتھ ساتھ امریکا ان کو دی جانے والی تمام مالی امداد بھی بند کر دے گا۔ جاری فہرست میں 35 غیر اقوامِ متحدہ تنظیمیں شامل ہیں، جن میں بین الحکومتی پینل برائے موسمیاتی تبدیلی (IPCC)، انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ فار ڈیموکریسی اینڈ الیکٹورل اسسٹنس اور انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر نمایاں ہیں۔ اگرچہ وائٹ ہاؤس نے IPCC کو غیر اقوامِ متحدہ ادارہ قرار دیا، تاہم یہ درحقیقت اقوامِ متحدہ سے منسلک سائنسی ادارہ ہے۔اس کے علاوہ امریکا 31 اقوامِ متحدہ اداروں سے بھی نکلنے کا ارادہ رکھتا ہے، جن میں یو این فریم ورک کنونشن آن کلائمیٹ چینج، یو این ڈیموکریسی فنڈ، اور ماں و بچے کی صحت سے متعلق اہم ادارہ یو این ایف پی اے شامل ہیں۔ بعض متاثرہ ادارے جنگی حالات میں کمزور طبقات کے تحفظ پر بھی کام کرتے ہیں۔اقوامِ متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا ہے کہ تنظیم اس اعلان پر باضابطہ ردعمل دے گی۔ یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ٹرمپ اپنی دوسری مدتِ صدارت میں پہلے ہی عالمی ادارۂ صحت، پیرس موسمیاتی معاہدے اور اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے امریکا کو نکالنے کا اعلان کر چکے ہیں، جن سے ماضی میں بائیڈن انتظامیہ نے دوبارہ شمولیت اختیار کی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.