vosa.tv
Voice of South Asia!

2025 نیویارک کے لیے محفوظ ترین سال، گن وائلنس میں بڑی کمی

0

نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی اور پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش نے انکشاف کیا ہے کہ سال 2025 نیویارک کی تاریخ کا سب سے محفوظ سال ثابت ہوا، جہاں فائرنگ کے واقعات اور فائرنگ سے متاثرہ افراد کی تعداد ریکارڈ کی گئی تاریخ میں کم ترین سطح پر آ گئی۔

پولیس ہیڈکوارٹر ون پولیس پلازہ میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران حکام نے بتایا کہ شہر میں مجموعی جرائم، خاص طور پر گن وائلنس، میں غیر معمولی کمی دیکھی گئی ہے۔پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش کے مطابق 2025 میں شہر بھر میں فائرنگ کے صرف 688 واقعات ریکارڈ ہوئے، جو نیویارک کی تاریخ کی کم ترین تعداد ہے۔ فائرنگ سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی کم ہو کر 856 رہ گئی، جو 2018 کے سابقہ ریکارڈ سے بھی کم ہے۔ کمشنر نے بتایا کہ صرف دسمبر کے مہینے میں فائرنگ کے واقعات 43 فیصد کم ہوئے، جبکہ چوتھی سہ ماہی میں مجموعی کمی 36 فیصد رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نتائج کسی معمولی بہتری کا نہیں بلکہ تاریخی کامیابی کا ثبوت ہیں۔ٹِش کے مطابق یہ کمی تمام پانچوں بورو میں دیکھی گئی، جہاں مین ہیٹن میں سب سے زیادہ 38 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ بروکلین، کوئنز اور اسٹیٹن آئی لینڈ میں بھی فائرنگ کے واقعات تاریخ کی کم ترین سطح پر آ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ قتل، ڈکیتی، چوری اور گاڑیوں کی چوری جیسے بڑے جرائم میں بھی نمایاں کمی ہوئی، جبکہ سب وے سسٹم 2009 کے بعد وبا کے علاوہ سب سے محفوظ سال رہا۔میئر زوہران ممدانی نے کہا کہ یہ اعداد و شمار صرف نمبرز نہیں بلکہ انسانی زندگیاں ہیں، وہ خاندان جو اپنے پیاروں کو کھونے سے بچے، وہ بچے جو والدین کے ساتھ بڑے ہو رہے ہیں، اور وہ شہری جو بلا خوف و خطر شہر میں سفر کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محفوظ سب وے کا مطلب یہ ہے کہ نیویارک ایک بار پھر ایک زندہ دل اور متحرک شہر بن رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.