پاکستانی امریکن کمیونٹی کے لیے افسوسناک خبر سامنے آئی ہے، جہاں سماجی تنظیم ون نیشن کے رہنما قمر اقبال کے صاحبزادے اور علاؤالدین چودھری المعروف مٹھو بھائی کے جواں سال بھتیجے محمد حسنین قمر ایک روڈ حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔
بروکلین کے رہائشی 23 سالہ محمد حسنین قمر گزشتہ روز پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں زندگی کی بازی ہار گئے۔ اچانک اور المناک سانحے نے والدین کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا، جن کے لیے یہ غم ناقابلِ بیان ہے۔ نوجوان بیٹے کی ناگہانی موت نے نہ صرف خاندان بلکہ پوری پاکستانی امریکن کمیونٹی کو سوگوار کر دیا ہے۔کمیونٹی کی جانب سے اظہارِ خیال میں کہا گیا ہے کہ اس کٹھن گھڑی میں وہ متاثرہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ہر ممکن اخلاقی تعاون جاری رکھا جائے گا۔ محمد حسنین قمر کی نمازِ جنازہ بدھ 7 جنوری کو کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع مکی مسجد میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد مرحوم کو نیو جرسی کے مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔پاکستانی امریکن کمیونٹی نے قمر اقبال اور علاؤالدین چودھری عرف مٹھو بھائی سے دلی تعزیت اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اہلِ علاقہ اور دوست احباب نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔