نیویارک: اپنا کے نو منتخب صدر ڈاکٹر بابر راؤ کا وژن 2026 پیش
امریکا میں پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا کے نو منتخب صدر ڈاکٹر بابر راؤ نے سال 2026 کے لیے تعلیم، جدت، فلاحی سرگرمیوں اور میڈیکل مشنز پر مشتمل اپنا پروگرام پیش کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کسی طالب علم کے پاس تعلیم یا امتحان کے لیے مالی وسائل موجود نہیں تو اپنا کے اسکالرشپ اور لون پروگرام کے ذریعے ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسینٹ آف نارتھ امریکا کے نئے صدر ڈاکٹر بابر راؤ نے نیویارک میں پریس کانفرنس کے دوران تنظیم کی ترجیحات اور وژن 2026 پیش کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اپنا کے تمام تعلیمی پروگرامز، کانفرنسز اور کمیونٹی سرگرمیوں میں جدت کو مرکزی حیثیت دی جائے گی۔ ڈاکٹر بابر راؤ نے اپنی ٹیم کے اراکین کا بھی تعارف کرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری سے تین ایڈہاک کمیٹیوں کے قیام کی تجویز دی گئی ہے، جن میں میڈیکل اور پری میڈیکل طلبہ کی شمولیت، کونسل فار ارلی کیریئر فزیشنز، اور کارپوریٹ ریلیشنز اینڈ انڈسٹری لائژن کمیٹی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کوئی بھی طالب علم مالی وسائل کی عدم دستیابی کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔ اس موقع پر صحافیوں نے ڈاکٹر بابر راؤ سے مختلف موضوعات اور تنظیمی مشن پر سوالات کیے۔ ڈاکٹر بابر راؤ نے اعلان کیا کہ سال 2026 میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تین نئے پروگرام متعارف کروائے جائیں گے، جن میں اپنا اسکالر، اپنا ہیرو اور گائیکی پر مشتمل اپنا سُر پروگرام شامل ہوں گے۔ اپنا کی سوشل ویلفیئر کمیٹی امریکا میں قومی سطح پر فوڈ پینٹریز اور پاکستان کے شہر راولپنڈی میں بچوں کے لیے ایمرجنسی کیئر سینٹر شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ اردن اور افریقا میں بھی نئے میڈیکل مشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔ قبل ازیں سابق صدر اور موجودہ کو چیئر ڈاکٹر ثمینہ قریشی نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر بابر راؤ کی قیادت میں تنظیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر بابر راؤ کا کہنا تھا کہ اپنا 50 سالہ خدماتی سفر مکمل کرنے جا رہی ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ تنظیم جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور ہیلتھ کیئر 4.0 جیسے شعبوں میں فعال کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیمی شفافیت اور مؤثر رابطے کے لیے تمام کمیٹیوں کو نئے اور وسیع تر شعبوں میں منظم کیا گیا ہے، اور اس ضمن میں ایک نئی ویب سائٹ لانچ کی جائے گی جس میں چیٹ باکس بھی شامل ہوگا۔