نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی نے دینا لیوی کو محکمہ ہاؤسنگ پریزرویشن اینڈ ڈیولپمنٹ کی نئی کمشنر مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے، ساتھ ہی شہر بھر میں “رینٹل رِپ آف” سماعتوں کے قیام کے لیے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط بھی کیے ہیں۔
میئر آفس کے مطابق ان سماعتوں کا مقصد کرایہ داروں کو ناقص رہائشی حالات، چھپے ہوئے چارجز اور غیر منصفانہ کاروباری طریقوں کے خلاف براہِ راست آواز دینے کا موقع فراہم کرنا ہے، جن پر سٹی حکومت عملی کارروائی کرے گی۔میئر ممدانی نے کہا کہ دینا لیوی ایک نڈر اور تجربہ کار ہاؤسنگ لیڈر ہیں جو کرایہ داروں کے تحفظ اور ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیویارک کے لاکھوں شہری کم سہولیات کے بدلے زیادہ کرایہ ادا کرنے پر مجبور ہیں، تاہم نئی انتظامیہ کے تحت یہ سلسلہ ختم کیا جائے گا اور کرایہ داروں کو سٹی ہال میں مؤثر آواز دی جائے گی۔دینا لیوی ہاؤسنگ فنانس اور کمیونٹی آرگنائزنگ میں دہائیوں کا تجربہ رکھتی ہیں۔ وہ اس سے قبل نیویارک اسٹیٹ کی ہاؤسنگ ایجنسی میں سینئر نائب صدر، اٹارنی جنرل کی سینئر ایڈوائزر اور یو ایچ اے بی میں ڈائریکٹر آرگنائزنگ کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ ان کی تقرری کا اعلان برونکس کے مشہور 1520 سیج وِک ایونیو میں کیا گیا، جہاں انہوں نے 2010 میں کرایہ داروں کے حق میں ایک اہم مہم کی قیادت کی تھی۔میئر ممدانی کے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت، پہلے 100 دنوں میں پانچوں بورو میں “رینٹل رِپ آف” سماعتیں منعقد کی جائیں گی، جہاں عوام خراب عمارتوں، غیر قانونی فیسوں اور دیگر مسائل پر گواہی دے سکیں گے۔ ان سماعتوں کے بعد ایک جامع رپورٹ جاری کی جائے گی، جس کی بنیاد پر پالیسی فیصلے کیے جائیں گے۔ سٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے کرایہ داروں کے حقوق کے تحفظ اور رہائشی قوانین کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنایا جائے گا۔