نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی نے اعلان کیا ہے کہ مک گینس بلیوارڈ کے مکمل ری ڈیزائن کا منصوبہ اب حتمی طور پر مکمل کیا جائے گا، جس کے تحت میکر ایونیو سے پلوسکی برج تک پوری سڑک پر پارکنگ سے محفوظ بائیک لینز قائم کی جائیں گی۔
سٹی ہال کے مطابق یہ فیصلہ شہریوں کی حفاظت، ٹریفک کنٹرول اور بہتر آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، کیونکہ یہ بلیوارڈ بروکلین اور کوئنز کے درمیان ایک اہم مگر خطرناک راستہ سمجھا جاتا ہے۔محکمہ ٹرانسپورٹیشن کے مطابق نئے ڈیزائن کے بعد مک گینس بلیوارڈ پر ہر سمت ایک ٹریفک لین، ایک پارکنگ پروٹیکٹڈ بائیک لین اور ایک گاڑیوں کی پارکنگ و لوڈنگ لین موجود ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ سڑک روزانہ ہزاروں سائیکلسٹ، پیدل چلنے والوں اور ڈرائیورز استعمال کرتے ہیں، جبکہ ماضی میں یہاں متعدد ہلاکتیں اور سنگین حادثات ہو چکے ہیں، جن کے باعث یہ منصوبہ طویل عرصے سے عوامی مطالبہ بنا ہوا تھا۔میئر ممدانی نے کہا کہ ماضی میں سیاسی مصلحتوں کے باعث اہم سڑک حفاظتی منصوبے تاخیر کا شکار رہے، مگر اب شہریوں کی جان و مال کو ترجیح دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواہ کوئی سائیکل چلا رہا ہو، پیدل ہو یا گاڑی میں سفر کر رہا ہو، ہر نیویارکر کو محفوظ سڑکوں کا حق حاصل ہے۔علاقائی نمائندوں اور کمیونٹی رہنماؤں نے اس فیصلے کو تاریخی کامیابی قرار دیا ہے۔ سٹی حکام کا کہنا ہے کہ اسی طرز کے ڈیزائن نیویارک کے دیگر علاقوں میں بھی نافذ کیے جائیں گے، جہاں تحقیق کے مطابق ٹریفک ہلاکتوں اور شدید زخمیوں میں تقریباً 30 فیصد تک کمی دیکھی گئی ہے۔