vosa.tv
Voice of South Asia!

بھارت: پانی میں موجود مہلک بیکٹیریا نے 10 جانیں لے لیں، 1400 متاثر

0

بھارت کے شہر اندور کے گنجان آباد علاقے بھاگیرتھ پورہ میں پینے کے صاف پانی میں سیوریج شامل ہونے سے شدید اسہال اور قے کی وبا پھوٹ پڑی ہے، جس کے نتیجے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 1400 سے زائد شہری متاثر ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق بڑی تعداد میں مریضوں کو مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا، جہاں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق آلودہ پانی کے باعث متاثرہ افراد میں شدید اسہال، قے، پیٹ درد اور تیز بخار جیسی علامات سامنے آئیں۔ ابتدائی لیبارٹری ٹیسٹ میں پانی کے نمونوں سے ای کولی اور کلیبسیئیلا جیسے خطرناک بیکٹیریا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے، جو انسانی فضلے سے پھیلتے ہیں اور خاص طور پر بچوں اور بزرگوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ نرمدہ پینے کے پانی کی پائپ لائن بھاگیرتھ پورہ میں پولیس چوکی کے قریب سیوریج اور ٹوائلٹ لائن کے ساتھ سے گزرتی ہے، جہاں رساؤ کے باعث آلودہ پانی صاف سپلائی میں شامل ہو گیا۔ اس خرابی کے نتیجے میں پورے علاقے کے نلکوں سے بدبودار اور خراب رنگ کا پانی آنے لگا، تاہم مقامی افراد کی شکایات کے باوجود بروقت کارروائی نہیں کی گئی۔صورتحال سنگین ہونے پر حکام نے متاثرہ پائپ لائنوں کو فلش کرنے، پانی کی فراہمی معطل کرنے اور متبادل ذرائع سے صاف پانی فراہم کرنے کے اقدامات شروع کر دیے ہیں، جبکہ مزید اموات کو روکنے کے لیے طبی ٹیمیں علاقے میں موجود ہیں اور وبا کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.