vosa.tv
Voice of South Asia!

وینزویلا کے صدر کی گرفتاری، نیویارک منتقلی، عالمی ردعمل میں شدت

0

وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو ملک میں گرفتاری کے بعد امریکی تحویل میں لے کر نیویارک پہنچا دیا گیا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق گوانتاناموبے سے روانہ ہونے والا خصوصی طیارہ نیویارک کے اسٹیورٹ ایئرپورٹ پر اترا، جہاں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ صدر مادورو کو بعد ازاں ہیلی کاپٹر کے ذریعے نیویارک شہر منتقل کیا گیا، جہاں ان کے خلاف باضابطہ فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ صدر مادورو کو پیر کی شام تک عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے، جہاں ابتدائی سماعت ہوگی۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں میٹروپولیٹن ڈیٹینشن سینٹر منتقل کیا جائے گا، جو سنگین مقدمات کے ملزمان کے لیے ہائی سیکیورٹی وفاقی جیل کے طور پر جانا جاتا ہے۔ امریکی اٹارنی جنرل کے مطابق صدر مادورو پر منشیات اسمگلنگ، دہشت گردی اور امریکہ کے خلاف استعمال کے لیے ہتھیار حاصل کرنے کی سازش جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔امریکی حکام کے مطابق ہفتے کے روز وینزویلا میں ایک بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کیا گیا، جس کے دوران دارالحکومت کاراکس میں اہم سرکاری اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکوں سے شہری علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ امریکی بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ مشترکہ آپریشن میں نیوی، فضائیہ اور ڈیلٹا فورس نے حصہ لیا اور کارروائی محدود وقت میں مکمل کی گئی۔اس پیش رفت پر عالمی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے امریکی کارروائی کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا، جبکہ کیوبا اور کولمبیا نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے اقوام متحدہ میں ہنگامی اجلاس کا مطالبہ کیا ہے۔ روس اور چین نے وینزویلا کی خودمختاری کی حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ یورپی ممالک کی جانب سے متضاد بیانات سامنے آئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ نئی حکومت کے قیام تک امریکہ وینزویلا کی صورتحال پر نظر رکھے گا اور وہاں شراکت داری کے امکانات تلاش کرے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.