نیویارک سٹی میں ایم ٹی اے کی سب وے اور بسوں کے کرایوں میں اتوار سے 10 سینٹ اضافے کے بعد بنیادی کرایہ 3 ڈالر ہو گیا ہے۔
یہ اضافہ ایم ٹی اے کے بڑے ٹول اور کرایہ اصلاحاتی منصوبے کا حصہ ہے، جس کے تحت میٹرو کارڈ سے مکمل طور پر OMNY ٹیپ اینڈ رائیڈ سسٹم پر منتقلی کی جا رہی ہے۔میٹرو کارڈ کے خاتمے کے ساتھ 30 دن کا لامحدود پاس بھی ختم کر دیا گیا ہے، جس کی جگہ 35 ڈالر کا سات دن کا لامحدود پاس متعارف کرایا گیا ہے، جو پہلے 34 ڈالر تھا۔ نئے نظام کے تحت اگر کوئی مسافر سات دن میں 12 سفر مکمل کر لے تو اس کے بعد کے تمام سفر مفت ہوں گے، یعنی ایک ہفتے میں زیادہ سے زیادہ ادائیگی 35 ڈالر تک محدود رہے گی۔ایکسپریس بسوں کا کرایہ 7 ڈالر سے بڑھا کر 7.25 ڈالر کر دیا گیا ہے جبکہ سات دن کا ایکسپریس بس لامحدود پاس 64 ڈالر سے بڑھ کر 67 ڈالر ہو گیا ہے۔ ایم ٹی اے کے مطابق اب تمام بسوں میں صرف OMNY قابل قبول ہوگا اور نقد رقم قبول نہیں کیے جائیں گے۔لانگ آئی لینڈ کی NICE بسوں اور ویسٹ چیسٹر کی بی لائن بسوں کے بنیادی کرایے بھی بڑھا کر 3 ڈالر کر دیے گئے ہیں تاکہ ایم ٹی اے کے نظام سے ہم آہنگی برقرار رکھی جا سکے۔ اس کے علاوہ لانگ آئی لینڈ ریل روڈ اور میٹرو نارتھ میں ماہانہ اور ہفتہ وار ٹکٹوں کی قیمتوں میں بھی 4.5 فیصد اضافہ نافذ کر دیا گیا ہے۔