vosa.tv
Voice of South Asia!

نرسز یونین کا اعلان، 12 جنوری سے بڑے پیمانے پر ہڑتال متوقع

0

 نیویارک سٹی اور لانگ آئی لینڈ کے 15 اسپتالوں میں کام کرنے والی ہزاروں نرسز نے انتظامیہ کو 10 دن کی ہڑتال کا نوٹس دے دیا ہے۔

نیویارک اسٹیٹ نرسز ایسوسی ایشن کے مطابق نجی شعبے کے کم از کم 12 اسپتالوں میں 20 ہزار نرسز کے معاہدے 31 دسمبر کو ختم ہو چکے ہیں اور اگر نیا معاہدہ طے نہ پایا تو 12 جنوری سے ہڑتال شروع ہو سکتی ہے۔ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو یہ نیویارک سٹی کی تاریخ کی سب سے بڑی نرسز ہڑتال ہوگی۔ ہڑتال کے ممکنہ دائرے میں ماؤنٹ سائنائی، نیویارک پریسبیٹیرین کولمبیا یونیورسٹی میڈیکل سینٹر اور مونٹیفیور جیسے بڑے اسپتال شامل ہیں، جبکہ لانگ آئی لینڈ کے تین نارتھ ویل اسپتالوں سے مزید ایک ہزار نرسز بھی احتجاج میں شامل ہو سکتی ہیں۔نرسز کا مؤقف ہے کہ انتظامیہ صحت کی سہولیات سے متعلق فوائد کی ضمانت دینے سے انکار کر رہی ہے اور محفوظ اسٹافنگ کے ان معیارات کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جن کے لیے طویل جدوجہد کی گئی تھی۔ نرسز یونین کے مطابق مہینوں سے مذاکرات جاری ہیں لیکن مریضوں کی دیکھ بھال کو تحفظ دینے والے منصفانہ معاہدے کے لیے خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی۔دوسری جانب ماؤنٹ سائنائی اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یونین غیر حقیقی معاشی مطالبات کر رہی ہے، جن میں نرسز کی اوسط تنخواہ میں ایک لاکھ ڈالر اضافے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ممکنہ وفاقی فنڈنگ کٹوتیاں اسپتالوں کو شدید مالی نقصان پہنچا سکتی ہیں، تاہم اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاہدے تک پہنچنے کے لیے بات چیت جاری رکھی جائے گی اور ہر صورت مریضوں کی دیکھ بھال کو برقرار رکھا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.